سعودی عرب پاکستان مین امن و استحکام چاہتا ہے :مفتی اعظم سعودی عرب

سعودی عرب پاکستان مین امن و استحکام چاہتا ہے :مفتی اعظم سعودی عرب

  



لاہور(آئی این پی) قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے کیلئے ہر سطح پر علماء و مشائخ اور مسلم امہ کو جدوجہد کرنی ہو گی ، پاکستان اور سعودی عرب کے علماء عوام اور قیادت کے درمیان مضبوط رشتہ ہے ، سعودی عرب پاکستان میں امن و سلامتی اور استحکام چاہتا ہے ، پاکستانی عوام اور فوج کی انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل قدر اور قابل ستائش ہیں۔ یہ بات مفتی اعظم سعودی عرب الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل شیخ نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کیلئے علماء و مشائخ اور مسلم امۃ کو ہر سطح پر جدوجہد کرنی چاہیے ۔ اسلام کے نام پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا سبق دینے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اسلام کے پیغام حق کو عام کرنے کیلئے علماء ومشائخ کو کسی بھی قسم کے پراپیگنڈا کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے علماء ومشائخ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف علماء امت کی رہنمائی میں جدوجہد کر رہے ہیں اور مفتی اعظم سعودی عرب نے ہمیشہ امت مسلمہ کی درست سمت رہنمائی کی ہے ، پاکستانی قوم ، حکومت ، مذہبی و سیاسی جماعتیں سعودی عرب کے استحکام اور سلامتی کو پاکستان کا استحکام اور سلامتی سمجھتے ہیں ، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ۔

سعودی مفتی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر