اداکارہ بندیا کے سابق شوہر کا امریکہ میں کئی ملین ڈالر کا فراڈ

اداکارہ بندیا کے سابق شوہر کا امریکہ میں کئی ملین ڈالر کا فراڈ
اداکارہ بندیا کے سابق شوہر کا امریکہ میں کئی ملین ڈالر کا فراڈ

  

نیویارک (ویب ڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے مالیاتی اداروں کے کئی ملین ڈالرز فراڈ، دھوکہ دہی، جعلی بینک اکاﺅنٹس اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اڑا لیے۔ سینئر ڈسٹرکٹ جج کے فیصلہ کی حاصل ہونے والی کاپی سے اس امر کا اظہار ہوتا ہے۔

روزنامہ خبریں کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ بندیا کے سابق شوہر اسد نذیر نامی ٹی وی اداکار 1994ءکے چھ ماہ کے ویزے پر امریکہ گیا تھا اس کے اس ٹرپ کا مقصد میوزیکل گروپ کی شکل میں موسیقی کے پروگرام کرنا تھے۔ 2006ءمیں وہ امریکہ میں ہی مقیم ہو گیا اور اس نے طاہرہ نذیر نامی خاتون سے شادی کر لی۔ اسد نذیر پاکستان میں ایک ہفتہ وار پروگرام کی میزبانی بھی کرتا تھا۔

طاہرہ نذیر کی 1980ءمیں محمد اشرف سے شادی ہوئی تھی جو 2005ءتک جاری رہی ان کے تین بچے ہیں۔ طاہرہ کی سب سے چھوٹی لڑکی کی عمر 24 سال ہے وہ میڈیکل اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی ہے۔ طاہرہ 1999ءمیں امریکہ چلی گئی۔ 2010ءمیں اس کی اسد سے شادی ہوئی فراڈ اور دھوکہ دہی کے کیس میں اسد نذیر کو 12 ماہ اور ایک دن کی قید سنائی گئی اسے 5 لاکھ ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا اس کے علاوہ اسے 3 سال کی سزا بھی سنائی گئی جبکہ اسے پروبیشن پر رہائی دے دی گئی لیکن اسے اس عرصہ کے دوران مالیاتی فراڈ بارے مکمل انکشاف کرنے کی شرط عائد کی گئی اور یہ بھی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ وہ نئے اکاﺅنٹس نہیں کھول سکے گا۔

طاہرہ نذیر کو چھ ماہ کی قید سنائی گئی اسے 2 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا اس کے علاوہ تین سال کی سزا بھی سنائی گئی۔ تاہم پروبیشن پر رہائی دے دی گئی۔ اسد نذیر اور طاہرہ نذیر کا طریقہ واردات یہ تھا کہ دونوں جعلی شناخت پر بینک اکاﺅنٹس کھلواتے کریڈٹ کارڈ حاصل کرتے اور پھر وہ امریکہ کے مالیاتی اداروں سے رقم دھوکہ دہی سے حاصل کر لیتے۔ انہوں نے کافی عرصہ تک یہ سلسلہ جاری رکھا لیکن بالآخر قانون کی گرفت میں آ گئے۔

مزید : تفریح