روزنامہ پاکستان کو دھمکی بھیجنے والے شخص کو یورپی ملک میں جیل میں ڈال دیا گیا

روزنامہ پاکستان کو دھمکی بھیجنے والے شخص کو یورپی ملک میں جیل میں ڈال دیا گیا
روزنامہ پاکستان کو دھمکی بھیجنے والے شخص کو یورپی ملک میں جیل میں ڈال دیا گیا

  

پلسن(ڈیلی پاکستان آن لائن )روزنامہ پاکستان کو دھمکی آمیز ای میل کرنے والے بلغاریہ کے رہائشی کوجمہوریہ چیک نے گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایئر پورٹ سے جمہوریہ چیک کی ماڈل کو ہیروئن سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ تاحال پاکستان میں قید ہے اور اس کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ اسے چھڑانے کیلئے جمہوریہ چیک میں رہائش پذیر بلغاریہ کے شہری نے روزنامہ پاکستان کو ملک میں دہشتگرد حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے ای میل کی تھی ۔جس پر چیک رپبلک کی حکومت نے کارروائی کے دوران گرفتار کر لیاہے اور اسے تین سال چار مہینے قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔

اس سال کے شروع جنوری میں ایک نوجوان نے روزنامہ پاکستان کو ای میل کی جس میں اس نے دھمکی دیتے ہوئے 21 سالہ ماڈل کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ای میل میں اس کا کہناتھا کہ اگر اگلے 48 گھنٹوں میں ماڈل گرل کو چیک رپبلک کے جہاز پر نہیں چڑھایا تو پاکستان میں دہشتگرد حملے ہوں گے ، تریزا مجھ سے اس نمبر(+4207925—–) پر رابطہ کر سکتی ہے اور اگر اسے رہا نہیں کیا گیا تو میں اس کا بدلہ ضرور لوں گا ۔

روزنامہ پاکستان کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے شخص کا نام نیکولے آئیوانوف ہے جس نے خود کو ای میل میں چیک رپبلک کا شہری بتایا تھا ۔ اس شخص نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ سب غصے میں کہا تھا لیکن اس نے کوئی حملہ نہیں کروایا ہے تاہم عدالت کے سائیکولوجسٹ نے اس کا معائنہ کیا اور بتایا کہ یہ جذباتی طور پر مستحکم نہیں ہے ۔

مزید : قومی