سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کےلئے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری سے بچنے کےلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے 20 مارچ کو پیراگون سٹی کی تفتیش میں طلبی کے نوٹس جاری کیے، نوٹس کے جواب میں 28 مارچ کو تحریری جواب اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں، تفتیش کے طویل سیشن کے بعد نیب نے مزید دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی، نیب کی ہدایت پر 5 اپریل کو مزید دستاویزات بھی جمع کرائیں۔
درخواست میں کہا گیاہے کہ میں کبھی بھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شیئرہولڈر نہیں رہا، وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی صورت میں دو ہفتے کا وقت دیا جائے ، عدالت نیب کو میرے خلاف تمام انکوائریز سے متعلق مطلع اور دو ہفتے تک مجھے گرفتار نہ کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو گرفتار کیا ہے جس جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کےخلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق تحقیقات کررہا ہے جس سلسلے میں لیگی رہنما کو کئی بار طلب کرکے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔