جاوید آفریدی نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیدیا، پاکستان اور سری لنکن فوج کیلئے ایسا کام کر دیا کہ آرمی چیف بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں

جاوید آفریدی نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیدیا، پاکستان اور سری لنکن فوج ...
جاوید آفریدی نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیدیا، پاکستان اور سری لنکن فوج کیلئے ایسا کام کر دیا کہ آرمی چیف بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور زلمی فاﺅنڈیشن اور ہائیر نے پاک آرمی اور سری لنکن آرمی کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد کر کے دونوں ملکوں کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔
زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونے والی اس سیریز کے پہلے ایک روزوہ میچ میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی دوستانہ تعلقات اور کھیلوں کے ذریعے امن کو فروغ دینے کیلئے پاکستان آرمی الیون اور سری لنکن آرمی الیون کے درمیان پاکستان میں کرکٹ سیریز کا آغاز ہو گیا۔


پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونیوالی کرکٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا جس میں سری لنکا آرمی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 207رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے جینتھ چترونگا نے 47 اور سیکوگے پرسنا نے 47 رنز بنائے۔


پاکستان کی جانب سے طاہر خان نے تین اور عمیر خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان آرمی الیون 136رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمیر خان 44 اور حسیب الرحمان 32 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پرسنا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ کے بعد بریگیڈئیر غلام جیلانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔


پاکستان آرمی اور سری لنکن آرمی کے درمیان دوسرامیچ 12اکتوبر کو میران شاہ میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ 17 اکتوبر کو لاہور میں ہو گا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سیریز کے انعقاد کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا فروغ ہے۔ کھیلوں کے ذریعے دوست ملک سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکن آرمی کے درمیان سیریز کا انعقاد باعث خوشی ہے۔ زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان کا سیریز کا حصہ بننا باعث افتخار ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”ہم سری لنکا آرمی الیون کو خوش آمدید کہتے ہیں اور کھیل سے متعلق بہترین تجربے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ زلمی فاﺅنڈیشن اور ہائیر نے مل کر پاکستان آرمی اور سری لنکن آرمی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کرکٹ سیریز کو سپانسر کیا ہے۔“

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کھیلوں کے ذریعے امن اور باہمی تعلقات کے فروغ کا پیغام دیتے ہوئے لکھا ” کھیلوں کے مقابلے قوموں کو ملانے اور امن کا پیغام پھیلانے کیلئے پل کا کام کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات سے مختلف ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس سیریز سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کھیلوں سے پیار کرنے والی قوم ہے۔“

مزید :

کھیل -