پولیس اصلاحات کیلئے مسودہ قانون منظور نہ کئے جانے پر ناصر درانی نے استعفیٰ دیا:مجیب الرحمان شامی کا اہم انکشاف
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف دانشور مجیب الرحمان شامی نے انکشاف کیاہے کہ پولیس اصلاحات کے مشیر کے جانب سے پیش کئے گئے مسودہ قانون سے پنجاب حکومت کا عدم اتفاق ناصر درانی کے مستعفی ہونے کی وجہ بنا ۔
دنیا نیوز کے پر وگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحما ن شامی نے پنجاب حکومت کی ایک اہم شخصیت کے حوالے سے انکشاف کیا کہ پولیس ریفارمز کے لئے حکومت پنجاب کے مشیر ناصر درانی نے ایسا مسودہ قانون بنا کر دیا جس کے مطابق پولیس کے حوالے سے تمام اختیارات وزیر اعلیٰ پنجاب سے لیکر آئی جی پنجاب کو دے دیئے گئے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو پولیس سے متعلق تمام معاملات سے بے دخل کیا جانا تھا جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے کہ یہ ایجنڈا پنجاب میں نہیں چل سکتا جس پر ناصر درانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش یہی ہے لیکن جب ناصر درانی کے مسودہ قانون سے اتفاق نہ کیا گیا تو ناصر درانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ۔