دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ کون سا ہے؟ تازہ فہرست جاری کردی گئی، پاکستان کا نمبر کون سا رہا؟ افسوسناک خبر آگئی
ٹوکیو(نیوز ڈیسک) دنیا کے بہترین پاسپورٹ کون سے ہیں اور طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے، تازہ ترین عالمی رینکنگ سامنے آ گئی ہے، اور بدقسمتی سے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہمارے لئے اس رپورٹ میں صرف شرمندگی کا سامان ہے۔
”ہینلی پاسپورٹ انڈیکس 2018“ رپورٹ کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز سنگاپور سے جاپان نے چھین لیا ہے۔ جاپانی شہری اب بغیر ویزہ کے دنیا کے 190 ممالک میں جا سکتے ہیں جبکہ سنگاپور کے شہریوں کو یہ سہولت 189 ممالک میں حاصل ہے۔ تین سال قبل تک پہلی پوزیشن امریکہ اور برطانیہ کے پاس تھی لیکن اب یہ دونوں ممالک پانچویں پوزیشن پر جا چکے ہیں۔ جرمنی ، چین اور روس کی پوزیشن بھی متاثر ہوئی ہے۔ آسٹریلیا ساتویں نمبر پر ہے جس کے شہری 183ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں۔
عالمی فہرست میں پاکستان کی پوزیشن 104 ہے۔ اس کے شہری صرف 33 ممالک میں ویزہ لئے بغیر جا سکتے ہیں، اور ان میں سے بھی بیش تر غریب افریقی ممالک ہیں جن کا نام بھی کبھی کبھار ہی سننے کو ملتا ہے۔ہمارے ہمسائے بھارت کی پوزیشن 81 ہے۔ اس کے شہری 60 ممالک میں بغیر ویزہ لئے جا سکتے ہیں۔
ہینلی پاسپورٹ انڈیکس میں دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ کی جاتی ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ڈیٹا کی بناءپر تیار کی جانے والی اس رپورٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کسی ملک کے شہری بغیر ویزے کے کتنے ممالک میں جا سکتے ہیں، اور یہ بھی کہ انہیں بیرون ملک سفر کے دوران کس حد تک مشکلات اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رواں سال کی فہرست میں جاپان 190ممالک میں ویزا فری سہولت کے ساتھ پہلے نمبر ہے ، سنگاپور 189ممالک کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، جرمنی 188 ممالک کے ساتھ تیسرے ، فرانس 188ممالک کے ساتھ تیسرے ، جنوبی کوریاایک 188 ممالک کے ساتھ تیسرے ، ڈنمارک ، فن لینڈ ، اٹلی ، سویڈن اور سپین 187ممالک کے ساتھ چوتھے اور ناروے ، برطانیہ ، آسٹریا ، لکسمبرگ ، نیدرلینڈز ، پرتگال اور امریکا 186 ممالک کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔