وزیر اعظم کی چین میں بے مثال پذیرائی قابل تحسین ہے،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین پر سابق سینئر وزیر پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو چین کے دورے پر ملنے والی پذیرائی قابل ستائش اور لائق تحسین ہے جس کی وجہ سے پاک چین دوستی مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی، انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دیرینہ ہمسائیہ ملک ہے اور چین کی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ خطے کی صورتحال میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو کشمیر کی صورتحال پر بھی دور رس نتائج مرتب کرے گا، انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف پاک بھارت نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ میں چین کی کشمیریوں کی حمایت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کشمیر کے مسئلے پر چین خطے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
،عبدالعلیم خان نے کہا کہ چینی صدر کی دورہ بھارت سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات انتہائی اہم ہے اور نئے معاہدوں سے پاک چین تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری رکھے گی جس سے ملکی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔