انسانیت کی خدمت اللہ کی خوشنودی اور کامیابی کی ضمانت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  انسانیت کی خدمت اللہ کی خوشنودی اور کامیابی کی ضمانت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور (سٹی رپورٹر) صدر گورننگ باڈ ی ثریا عظیم (وقف) ہسپتال وامیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت میں ہی اللہ کی خوشنودی اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ثریاعظیم سمیت دیگر ادارے غریب نادار لوگوں کی خدمت خلق میں کوشاں ہے اور صحت کی مفت سہولیات فراہم کررہا ہے۔ حکمران لنگرخانوں کی بجائے روزگار اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کریں۔ غریب عوام بے روزگاری اور بے تحاشہ مہنگائی کی وجہ سے علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہے اور حکمران عجیب منطق کے پروجیکٹس پر قومی وسائل برباد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم وقف ہسپتال میں دو روزہ فری ہارٹ اینڈ میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری گورننگ باڈی ہسپتال افتخار احمد چوہدری، ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر بریگیڈیئر ارشد ضیاء، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار شاکر، فیاض احمد فیضی،مارکیٹنگ آفیسر اویس سرور سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ذکراللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکامی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے عوام دشمن پالیسیوں سے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ سابقہ ادوار کو نشانہ بناکر مہنگائی کے کوڑے عوام پر برسائے جا رہے ہیں۔ معاشی بحران کو قابو کرنے کے نام پر ملک میں مہنگائی طوفان برپا کردیا ہے گیا ہے جس سے عوام میں شدید مایوسی پھیل چکی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے ایک سالہ دور حکومت میں مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔

ذکر اللہ

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...