معاشی اصلاحات کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں،مومنہ
لاہور(سٹی رپورٹر)چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی برائے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے، معاشی اصلاحات کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں، چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مسائل کے حل کے لئے سی پیک اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گوادر بندرگاہ سی پیک منصوبے کی بنیاد ہے۔
، پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہمیں گھروں کی قلت کا سامنا ہے،5 سال میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آزاد ویزے کی سہولت دی ہے، چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع کمائیں۔پہلے چین نے پاکستان سے سیکھا اب پاکستان چین سے سیکھ رہا ہے۔ ہمیں چین سے یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے قوم کو کیسے غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک ہے اور چین نے گزشتہ پانچ سال میں کرپشن کے خاتمہ کے لئے وزارتی سطح کے400 افراد کو سزائیں دے کر جیلوں میں ڈالا، ہم بھی بدعنوان افراد کے خلاف ایسی کارروائی کر نا چاہتے ہیں لیکن ہمارا نظام سست ہے، سرخ فیتے کی رکاوٹ بھی کرپشن کی وجہ سے ہوتی ہے آہستہ آہستہ صورتحال بہتر ہو جائے گی۔