پاکستان میں انٹرنیشنل کی بحالی خوش آئند ہے، سی سی پی او
لاہور(کر ائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری میچ سے پہلے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) ملک لیاقت نے ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔ امید ہے سری لنکا کے بعد دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی جلد پاکستان آئیں گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کی بحالی خوش آئند ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس نے مہمان ٹیم اور شہریوں کی سکیورٹی کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کئے ہیں۔ دن رات فرائض انجام دینے پر کانسٹیبل سے سینئر پولیس افسروں تک سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایک سوال پر بی اے ناصر نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے باعث شہریوں کو اگرچہ زحمت اٹھانا پڑی تاہم اہل لاہور نے بین الاقوامی سطح پر ملکی ساکھ کی بحالی کے لئے بھرپور تعاون کیا۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں تھوڑی بہت تکلیف بھی برداشت کرنا پڑے تو عوام برداشت کرتے ہیں۔ امید ہے کہ کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کے بڑے ایونٹ بھی لاہور میں منعقد ہوں گے۔