قائداعظم ٹرافی کا پہلا مرحلہ مکمل، سنٹرل پنجاب سرفہر ست

قائداعظم ٹرافی کا پہلا مرحلہ مکمل، سنٹرل پنجاب سرفہر ست

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے،اظہر علی کی قیادت میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ناردرن اور بلوچستان کے خلاف میچ میں فتوحات سمیٹنے والی سنٹرل پنجا ب کی ٹیم اب تک 67پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔سندھ کرکٹ ٹیم کو شکست دینے والی سدرن پنجاب کی ٹیم شان مسعود کی قیادت میں 50پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔ سدرن پنجاب پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔تیسری پوزیشن پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم 42پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔ ادھر سندھ، بلوچستان اور ناردرن کی ٹیمیں بالترتیب چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔چار روزہ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلہ کا آغاز 20روز بعد ہوگا۔اس دوران اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جاری رہے گا۔قائداعظم ٹرافی کا دوسرا مرحلہ 28اکتوبر سے شروع ہوگا۔علاوہ ازیں قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا کے بیٹسمین اشفاق احمد472رنز بنا کر نمایاں بلے باز جبکہ یاسر شاہ15وکٹیں حاصل کر کے کامیاب بولر رہے۔ پہلے مرحلے میں 29سنچریاں اور 3 ڈبل سنچریاں اسکور کی گئیں جبکہ 4مرتبہ بالرز نے ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کیں، قائداعظم ٹرافی کے4رانڈز پر مشتمل پہلے مرحلے میں 12میچزکھیلے گئے۔ خیبرپختونخوا کے بیٹسمین اشفاق احمدایونٹ میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں،انہوں نے 472رنز اسکور کیے ہیں۔32سالہ کرکٹر 5اننگز میں 157کی اوسط سے 3سنچریاں اور 1نصف سنچری اسکور کرچکے۔اس موقع پرخیبرپختونخوا کے مڈل آرڈربیٹسمین اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ وہ قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے پر بے حد خوش ہیں، فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز اسکور کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، وہ ایونٹ میں بہترین نتائج کیحصول کے لیے مثبت کرکٹ کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں بھی رنز کے انبار لگانے کے خواہشمند ہیں۔32سالہ کرکٹر نے کہا کہ محمد رضوان، افتخار احمد اور فخرزمان جیسے سنیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری تھی۔ پہلے راؤنڈ میں عابد علی اور سمیع اسلم نے ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ سندھ کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان کے خلاف میچ میں 249رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ سدرن پنجاب کے اوپنر سمیع اسلم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 243رنزاسکور کیے۔ایونٹ کی تیسری ڈبل سنچری سنٹرل پنجاب کے اوپنر سلمان بٹ نے اسکور کی۔ 35سالہ کرکٹر نے بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میزبان بلوچستان کے خلاف 237رنز کی اننگز کھیلی۔بالرز خصوصی طور پر اسپنرز نے بھی ایونٹ کے پہلے مرحلے میں کوکابورا کے گیند کابھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ اب تک 4اسپنرز ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ اب تک ایونٹ میں 15وکٹیں حاصل کرچکے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...