منشیات کی روک تھام کیلئے چوکیوں کو مذید فعال کیا جائے،مکیش کمار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران پر زور دیا ہے کہ صوبے میں منشیات کی روک تھام کیلئے ایکسائز چوکیوں کو مذید فعال بنایا جائے اور افسران اور عملے کے ارکان ایکسائز چوکیوں پر اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کواپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنزلز شبیر احمد شیخ، شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ان ایکسائز چوکیوں کا مقصد منشیات کی برآمدگی کے لئے مشکوک گاڑیوں کی تلاشی لینا لیکن کسی کو غیر ضروری طور پر پریشان کرنا نہیں ہے اور جو ایسا کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان ایکسائز چوکیوں پر تعینات عملہ گاڑیوں کے کاغذات اور موٹر وہیکل ٹیکس چیک کرنے کا مجاز نہیں ہے اور کسی بھی صورت ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران اور عملے کے اراکین کو ہدایت دی کہ صرف روڈ چیکنگ مہم کے دوران ہی وہ گاڑیوں کے کاغذات اور موٹر وہیکل ٹیکس چیک کرسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مذید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ایکسائز چوکیوں کے اچانک دورے کیا کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ان چوکیوں پر متعین عملہ قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز کا عملہ دوران ڈیوٹی مکمل یونیفارم پہنے اور ان پر ان کے ناموں کے بیجز بھی آویزاں ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران کو متنبہ کیا کہ صحیح طریقے سے فرائض انجام نہ دینے والوں کے سخت کارروائی کی جائے گی