بجلی انفرااسٹرکچر کے بلا جواز استعمال کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز

بجلی انفرااسٹرکچر کے بلا جواز استعمال کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(پ ر)کے الیکٹرک نے کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس پروائیڈرزکی جانب سے بجلی کے کھمبوں کے بلا اجازت استعمال کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔یہ کارروائی اْس مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر میں بجلی کے انفرااسٹرکچر کو ایسی تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے جو نہ صرف ناجائز ہیں بلکہ بجلی کی محفوظ اور قابل بھروسہ فراہمی کے علاوہ شہر کے عوام کے لیے بھی سنگین خطرات کا سبب ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے آج سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی پٹیشن دائر کی گئی ہے جس میں کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کمپنیوں، شہر ی انتظامیہ، میونسپل اداروں اور متعلقہ اداروں کو فریق بناتے ہوئے کے الیکٹرک نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاور انفرااسٹرکچر پر کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز کی جانب سے مسلسل تجاوزات قائم کی جارہی ہیں۔ پاور یوٹیلیٹی نے مزید موقف اختیار کیا ہے کہ کیبلز اوردیگر آلات بجلی کے کھمبوں پر نصب کر دئیے جاتے ہیں ان میں بعض اوقات 400 وولٹ تک کرنٹ موجود ہوتا ہے۔ مزید برآں، یہ کیبلز بجلی کے نافذ العمل اورحفاظتی طریقہ کار کی پاسداری کے بغیر نصب کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے کھمبوں اور دیگر ڈاؤن اسٹریم انفرااسٹرکچرمیں کرنٹ آ جاتا ہے جو عوام اور خود پاور یوٹیلیٹی کے ملازمین کیلئے شدید خطرات کا باعث بن جاتے ہیں۔اگرچہ پاور یوٹیلٹی معمول کے مطابق ان کیبلوں کو بجلی کے کھمبوں پر سے ہٹاتی رہتی ہے لیکن حالیہ بارشوں کے دوران کارروائی میں اس وقت تیزی آگئی جب کے الیکٹرک نے ایک پبلک نوٹس شائع کیا جس میں کیبل آپریٹرز اور انٹرنیٹ پروائیڈرزکو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ بجلی کے کانفراسٹرکچر سے اپنے آلات ہٹا لیں یا پھر قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔آپریٹرز کو اپنے آلات ہٹانے کے لیے حتمی تاریخ بھی دی گئی تھی جو رواں سال 19اگست کو ختم ہوچکی ہے۔تاہم آپریٹرز نے کیبلز یا دیگر آلات ہٹانے کیلئے کوئی ایکشن نہیں لیا۔بنیادی طور پر یہ شہری انتظامیہ اور دیگر میونسپل اداروں کا کام ہے کہ وہ کراچی شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کو یقینی بنائیں خواہ یہ تجاوزات زمین پر ہوں یا بجلی کے انفرااسٹرکچر پر جس میں اسٹریٹ لائٹس کے غیر محفوظ سوئچز بھی شامل ہیں اور ساتھ ہی اس بات کوبھی یقینی بنائیں کہ بجلی کی تنصیبات کے اطراف میں پانی جمع نہ ہو۔کراچی کے عوام کے قطعی مفاد میں،کے الیکٹرک شہر کے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہے، تاکہ وہ شہر بھر میں منصوبہ بندی کے تحت اربن ڈیولپمنٹ پروٹوکولز کا نفاذ کرتے ہوئے پاور یوٹیلٹی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں اور بارشوں کے دوران اور اس بعد بھی پاور انفراسٹرکچر کے اردگرد پانی کھڑا ہونا، تجاوزات، غیرقانونی کنڈوں اورکے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر کے غیر ضروری استعمال جیسے مسائل کا خاتمہ کیا جاسکے۔تاہم، پاور یوٹیلٹی کی جانب سے خطوط اور عوامی اپیل کے ذریعے بار بار درخواست کے باوجود وہ اب تک اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر ہیں۔
بجلی کے کھمبوں کا غلط استعمال بجلی کے نظام کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بنتا ہے جس سے معمول کے آپریشنزاور مینٹی نینس کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور ساتھ ہی یہ حفاظتی اقدامات کے طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کیلئے شدید خطرے کا باعث بنتے ہیں۔ حالیہ تحقیقات کے مطابق ماضی میں شہر میں رونما ہونے والے واقعات اور جان لیوا حادثات کی بنیادی وجہ بجلی کے کھمبوں پر نصب غیر قانونی ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز اور اسٹریٹ لائٹ سوئچز ہیں۔تاہم، یہ غلط تصور عام ہے کہ ٹی وی و انٹرنیٹ کیبلز میں کرنٹ نہیں ہوتا،جس کی وجہ سے انہیں کرنٹ لگنے کے کسی بھی حادثے کا ذمہ دارنہیں ٹھہرایاجاتا، جس سے کراچی کے شہریوں کیلئے مزید خطرات جنم لیتے ہیں۔