عمارتی ملبہ سمیت کچرا دکھائی دینے پر متعلقہ دکان، بلڈنگ سیل کر دینگے: مراد علی شاہ 

  عمارتی ملبہ سمیت کچرا دکھائی دینے پر متعلقہ دکان، بلڈنگ سیل کر دینگے: مراد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر سڑک پر ملبہ نظرآیا عمارت اور کچرا دکھا تو عمارت اوردکان کو سیل کردیاجائے گا۔سڑک سے عمارات کا ملبہ اٹھانا بنیادی طور پر بلڈرز کا کام ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتا ہے تو پھر اس کے لیے لازم ہے کہ وہ حکومت سندھ کو اسے اٹھانے کے اخراجات ادا کرے۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت بدھ کوشہر قائد سے کچرا اٹھانے کے حوالے سے ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اور صوبائی و شہری حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے شرکا کو یہ بتا کر حیران کر دیا کہ پورے ضلع میں ایک بھی کچرا کنڈی نہیں ہے حالانکہ 51 یوسیز ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گڈاپ یوسی 31 میں ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے تاہم میں اس علاقے کو صاف ستھرا دیکھوں گا۔اس علاقے میں پولیو کے بھی مسائل ہیں۔جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی نے صوبائی وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تفویض کردہ علاقوں میں ہونے والی صفائی ستھرائی مہم کی ازخود مانیٹرنگ کریں اور اس کو مزید بہتر بنائیں۔ وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ ڈی سیز کمیونٹی کو مشغول کریں تاکہ صفائی کو ایک روزانہ کا معمول بنایا جائے۔ کورنگی میں 280کچرا کنڈیاں بنائی جائیں۔ادارہ فراہمی و نکاسی آب کو ہدایت کی کہ جس علاقے میں بھی گٹرابل رہے ہیں ان کو فوراً صاف کیا جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ دکان کے سامنے ڈسٹ بن رکھیں اور اگر کچرا پھنکیں تو اس دکان کو سیل کردیں۔
مراد علی شاہ

مزید :

صفحہ آخر -