کراچی ، ایک اور ڈینگی کی مریضہ چل بسی ، ہلاکتوں کی تعداد 41ہو گئی 

  کراچی ، ایک اور ڈینگی کی مریضہ چل بسی ، ہلاکتوں کی تعداد 41ہو گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،کراچی ،پشاور،فیصل آباد(این این آئی،آن لائن)کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور فرد کی جان لے لی، 28 سالہ کنول اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھی۔خاتون کی ہلاکت کے بعد رواں سال ڈینگی سے ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 41ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج 28 سالہ کنول ایک ہفتہ قبل اسپتال میں داخل ہوئی تھی جو گزشتہ روز دم توڑ گئی جس کے بعد شہر میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔انسدادِ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے ترجمان کے مطابق شہرِ قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 119 افراد متاثر ہو گئے۔ترجمان انسدادِ ڈینگی کنٹرول پروگرام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4270 تک جا پہنچی ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 268 تک جا پہنچی ہے۔ملک بھر میں ڈینگی سے متاثر افراد کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملک بھر میں سے ڈینگی کے سب سے زائد کیسز سامنے آئے ،اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اسلام آباد میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد14 ہوگئی ۔ ترجمان پولی کلینک کے مطابق پولی کلینک میں ڈینگی کے 137 مریض زیر علاج ہیں ،پولی کلینک میں 6 مریضوں کی حالت تشوناک ہے ، ترجمان پمز کے مطابق پمزمیں ڈینگی کے 70 مریض داخل ہیں ۔ ترجمان پمز کے مطابق گزشتہ چویبس گھنٹوں میں 5 سو سے زائد مشتبہ مریض پمزہسپتال کی او پی ڈی میں آئے۔نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے 120 سے زائد مریض داخل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی سے مرنے والوں کی 41 سے زائد ہو گئی ۔وفاقی سیکرٹری ہیلتھ نے کہا ہے کہ جڑواں شہر کی مربوط حکمت عملی سے ڈینگی کے کیسز میں آثار نمایاں ھونے لگے ۔ بدھ کو ڈینگی کا اجلاس وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں ہسپتالوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور جڑواں شہر کی انتظامیہ ہوئی ۔اجلاس میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری،مزید 55کیسز رپورٹ ہوئے،مختلف ہسپتالوں متاثرہ افراد زیرعلاج ہیں۔ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 55کیس رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4708ہوگئی، جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پشاور میں ڈینگی کے مزید چار کیس رپورٹ ہوئے، پشاور میںڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد2120ہوگئی، خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں 157 ڈینگی کے مریض زیرعلاج ہیں،ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میںڈینگی سے متاثرہ مزید44افرادداخل ہوگئے۔فیصل آبادمیں ڈینگی کے مرض میں مبتلا مزید 7 افراد الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈینگی بخار میں مبتلا دانش اور قیصر سمندری کے رہائشی ہےں جنہیں کئی روز سے بخار میں مبتلا رہنے پر الائیڈ ہسپتال داخل کرایا گیا۔ علاوہ ازیں جڑانوالہ سے معظم اور احسن، گوجرہ سے عرفان اور اسلام آباد سے سکندر اور فرحت اللہ کو بھی ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے پر ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں پر ٹیسٹ رپورٹ میں بیماری کی تصدیق کے بعد فرحت اللہ کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا۔


ڈینگی بخار

مزید :

صفحہ آخر -