صحت انصاف کارڈ سے پنجاب میں رواں برس سوا 3کروڑ افراد مستفید ہونگے: عثمان بزدار
لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چکوال میں ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چکوال کے لئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چکوال میں منصوبوں کے افتتاح اورچکوال و جہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے ایک اور وعدہ پورا ہونے پر اطمینان محسوس کررہاہوں۔صحت انصاف کارڈ مستحق افراد کیلئے مفت علاج کا بہت بڑا پروگرام ہے اوراس کارڈ کے ذریعے مستحق افراد 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کرا سکتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر یہ رقم دوبارہ بھی مستحق افراد کو دی جائے گی۔رواں برس تک صحت انصاف کارڈ کے ذریعے صوبے کے سوا 3کروڑ افراد مستفید ہوں گے اوراس کارڈ کے ذریعے صوبے کی مجموعی آبادی کے30فیصد حصے کو بہترین ہیلتھ کور فراہم کیا جائیگا۔صحت انصاف کارڈ ہولڈر ایمرجنسی سمیت 8بڑی بیماریوں کا علاج کروا سکے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر اور صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سالک حسین،سردار ذوالفقار، آفتاب اکبر، یاور کمال، فوزیہ بہرام، آسیہ امجد،سیکرٹریز سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،کھیل و سیاحت،کمشنرراولپنڈی اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے میر پورآزاد کشمیر کے علاقے بھونگ میں نہر ا پر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر گیٹ وے کھول کر پانی کی ازسرنو فراہمی کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی نے ہیڈ ریگولیٹر پر پانی کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا اور زلزلے سے متاثرہونے والی نہر اپر جہلم کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے نہر اپر جہلم کی بحالی کے لئے دن رات کام کرنے پر محکمہ آبپاشی کے افسران اور سٹاف میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تلہ گنگ میں گورنمنٹ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار تلہ گنگ میں صوبائی وزیرمعدنیات حافظ عمار یاسر کی رہائش گاہ گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حافظ عمار یاسر سے ماموں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے حافظ عمار یاسر کے ماموں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اورسوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، فلاح عامہ کے منصوبوں اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذ ہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تندرست زندگی کا براہ راست تعلق صحت مند دماغ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل فون اور کمپیوٹر کا بے تحاشا اور غیر معمولی استعمال بھی ذہنی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی ورزش، تفریحی سرگرمیاں اور اچھا ماحول دماغی صحت کیلئے ضروری ہیں۔
سردار عثمان بزدار