کراچی، ڈیفنس فیز 5ایکسٹینشن میں بنگلے سے باپ بیٹے کی لاشیں بر آمد 

  کراچی، ڈیفنس فیز 5ایکسٹینشن میں بنگلے سے باپ بیٹے کی لاشیں بر آمد 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں ڈیفنس فیز5 ایکسٹینشن میں واقع بنگلے سے دو افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں، دونوں کو چھری کے پے درپے وارکرکے قتل کیا گیاہے، دونوں آپس میں باپ بیٹابتائے جاتے ہیں۔پولیس کے مطابق کراچی میں ڈیفنس فیز5 ایکسٹینشن میں واقع بنگلے سے دو افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں، دونوں کو چھری کے پے درپے وارکرکے قتل کیا گیاہے۔دونوں کی شناخت فصیح عثمانی اور کامران عثمانی کے نام سے کی گئی، دونوں آپس میں  باپ بیٹے ہیں۔ دونوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق 65 سالہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر فصیح عثمانی اور ان کے صاحبزادے 22 سالہ کامران عثمانی کی لاشیں ان کے گھر کے بیڈ روم سے ملیں، واردات کے وقت دونوں باپ بیٹا سوئے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق فصیح عثمانی کی اہلیہ مسز آسیہ نے بیان دیا ہے کہ صبح ساڑھے 6 بجے وہ معمول کے مطابق گھر سے واک کرنے کے لیے چلی گئیں۔شوہر اور بیٹا سو رہے تھے اور اطلاعی گھنٹی بجا کر انہیں نیند سے جگانا نہ پڑے اس لیے وہ واپس آنے کے لیے گھر کا پچھلا چھوٹا دروازہ کھلا چھوڑ گئی تھیں۔واک کے بعد خاتون گھر واپس پہنچیں تو انہوں نے قیامت کا منظر دیکھا کہ ان کے شریکِ حیات اور لختِ جگر کی لاشیں بیڈروم میں خون میں لت پت پڑی تھیں۔ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر کے مطابق گھر میں نقد رقم، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، زیورات اور دیگر بھاری قیمتی اشیاء جوں کی توں موجود ہیں اور ملزمان نے بظاہر کسی چیز کو ہاتھ تک نہیں لگایا ہے۔پولیس کے مطابق واردات کس تیز دھار آلے سے کی گئی ہے یہ معلوم نہیں ہوسکا، کیونکہ ملزمان آلہ قتل بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق گھر میں کوئی چوکیدار اور سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں ہے۔پولیس کے مطابق واردات میں کوئی گھر کا بھیدی ملوث لگتا ہے، کیونکہ یہ خاندان کراچی سے امریکا منتقل ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق جس علاقے میں یہ واردات ہوئی ہے وہاں سندھ حکومت کی اہم ترین شخصیات رہائش پذیر ہیں، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -