شانگلہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرینگے، شوکت یوسفزئی

شانگلہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرینگے، شوکت یوسفزئی

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی سے شانگلہ کے معززین اور مختلف وفود نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اپنے مسائل اور علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وفود نے شانگلہ کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے وفود کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شانگلہ کو ترقیاتی ضلعوں کے برابر لانا اور یہاں کی تمام محرومیوں کا خاتمہ ان کا اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے وہ اپنی تمام کوششیں ہر فورم پر جاری رکھیں گے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی پسماندہ اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے، شانگلہ میں ڈگری کالج کے قیام کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں مختلف سکولوں کا قیام، صحت کے مراکز کی اپگریڈیش،صاف پینے کے پانی کے منصوبے، راستوں کی پختگی اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے معززین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پورا شانگلہ ان کا حلقہ ہے اور سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر شانگلہ کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں جن کی وجہ سے مختلف سیاسی رہنماؤں نے بھی ان پر اور حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور ترقیاتی کام بھی میرٹ پر ہو رہے ہیں ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو برقرار رکھنے میں شانگلہ کے عوام کا کردار اہم ہے انہوں نے وفود سے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جہاں بھی کوئی کوتاہی یا غیر معیاری کام نظر آئے تو اسکو رپورٹ کریں تاکہ زمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ماضی کے مقابلے میں ترقیاتی لحاظ سے بدلہ ہؤا صوبہ ملے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...