سیاحت کے فروغ کیلئے صوبے میں نئے سیاحتی زونز بنارہے ہیں، عاطف خان

سیاحت کے فروغ کیلئے صوبے میں نئے سیاحتی زونز بنارہے ہیں، عاطف خان

پشاور(سٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم وامور نوجوانان عاطف خان نے کہاہے کہ سیاحت کے فروغ سے دنیا میں پاکستان کا ایمیج بہتر ہوا ہے، خیبرپختونخوا میں سیاحت کی ترقی کیلئے نئے ٹورازم زونز بنارہے ہیں جس میں پبلک پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ پاکستان ٹریول مارٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت بابر خان، سی ای او لینڈ مارک کمیونیکیشن علی ہمدانی،ڈائریکٹر لینڈ مارک کمیونیکیشن علی نقی ہمدانی، چیف آپریٹنگ آفیسر ہاشو گروہ حسیب گردیزی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، پاکستان ٹریول مارٹ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں مذہبی سیاحت کے کئی مواقع میسر ہیں جن سے استفادہ کرکے صوبے میں مذہبی سیاحت کی رونمائی کی جائے گی اور اس سے وابستہ مذہبی پیشواؤں کو یہاں لایا جائے گا، پاکستان کا ایمیج سیاحت کے فروغ کی وجہ سے دنیا میں کافی بہتر ہوا ہے،صوبہ خیبرپختونخوا میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے سیاحتی مقامات بنائے جائینگے، پاکستان ٹریول مارٹ میں بین الاقوامی کمپنیز کی شرکت خوش آئند ہے، ٹریول مارٹ میں دنیا بھر سے 25سے زائد ممالک اور 110 سے زائد ٹریول کمپنیز نے شرکت کی،ان کی شرکت سے پاکستان میں سیاحوں کی آمد اور ان کے میسر کئے جانے والے مواقع سے آگاہی حاصل ہو گی، سینئر وزیر نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا میں نئے سیاحتی مقامات کے علاوہ موجودہ سیاحتی مقامات کی تزہین و آرائش بھی کی جائے گی، صوبہ خیبرپختونخوا قدرت کی حسین وادیوں سے مالا مال ہے، تاہم ان کی دنیا بھر میں رونمائی کی ضرورت ہے، ڈیجیٹل دور کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورازم کارپوریشن نے سیاحت میں پاکستان کی سطح پر پہلی موبائل ایپلی کیشن بنائی جس میں سیاحت سے متعلق تمام معلومات، سیاحتی مقامات میں موجود ہوٹلزو ریسٹورنٹس کی بکنگ، موسم کی صورتحال، پیٹرول پمپ، علاقائی ثقافت سمیت تمام اہم معلومات ا ب سیاحوں کو موبائل ایپ پر دستیاب ملیں گی،اس کے ساتھ ساتھ سیاح ان خوبصورت مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز کو اپنے موبائل فون سے اس ایپ پر بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں،عاطف خان نے کہاہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحتی مقامات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر یقینی بنانا ہوگا، حکومت کی پہلی ترجیح مقامی سیاحت کو فروغ دینا ہے، پاکستان ٹریول مارٹ میں سجائے گئے خیبرپختونخوا پویلین میں سیاحتی ڈاکومنٹریز نشر کرنے کے علاوہ سٹالز میں دستکاری اشیاء،ہینڈی کرافٹ، براؤشرز، کالاش پویلین، مہمانوں کیلئے سوینئرزاور موسیقی سمیت بہت کچھ رکھا گیا ہے،سینئر صوبائی وزیرعاطف خان نے اس موقع پر خیبرپختونخوا پویلین کا دورہ بھی کیا اور ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے ایونٹ میں شرکت اور اقدامات کو سراہا۔

مزید : صفحہ اول


loading...