شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی پاکستان میں کیا مصروفیات ہوں گی اور کہا ں کہاں جائیں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کا شیڈول مرتب کرلیا گیاہے، برطانوی شہزادہ اور ان کی اہلیہ 14اکتوبر کو رات 9بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز نے ذائع کے حوالے سے کہاہے کہ برطانوی شاہی جوڑا 15اکتوبر کو صدرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک سکول کا بھی دورہ کریں گے۔ذرائع کا کہناہے شاہی مہمان اسی روز چیریٹی پروگرام میں بھی حصہ لیں گے، برطانوی شہزادہ اور شہزادی 16اکتوبر کوصوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کریں گے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی مہمان بادشاہی مسجد اور ایس او ایس ویلج کا دورہ بھی کریں گے،شہزادہ اور شہزادی لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی کریں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ شاہی جوڑا 17اکتوبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کےشمالی ضلع چترال کا دورہ کرے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق شاہی مہمان 18اکتوبر کو واپس برطانیہ روانہ ہوجائینگے۔