وزیر اعظم کی تاجروں سے ملاقات خوش آئند ہے،میاں زاہد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ خوش آئند ہے جس سے انکا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعظم براہ راست صنعتکاروں کے مسائل سن رہے ہیں جس سے انھیں تجاویز کی روشنی میں صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو صنعتکاری میں اضافہ، بے روزگاری میں کمی اور محاصل میں اضافے کا سبب بنے گی۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلہ میں جلد ہی اہم اقدامات متوقع ہیں۔ انھوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ برآمدکنندگان اپنے کام سے زیادہ وقت سرکاری افسران سے نمٹنے، ٹیکس کے گنجلک معاملات حل کرنے، توانائی کے حصول کیلئے بھاگ دوڑ کرنے اور ریفنڈ کے حصول میں صرف کر دیتے ہیں جس سے انھیں نکالنا ضروری ہے تاکہ وہ یکسوئی سے اپنا کام کر سکیں۔ بھارت میں وائرس کے پھیلاؤ، فیکٹریوں کی بندش اور دیگر تشویشناک معاملات جبکہ بعض دیگر حریف ممالک کے مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی ٹیکسٹائل درآمدکنندگان نے دوبارہ پاکستان کا رخ کر لیا ہے جو خوش آئند ہے۔گزشتہ 20 سال میں بین الاقوامی درآمدکنندگان نے پاکستان کے مقابلے میں بھارت کو ترجیح دی مگر اب وہ دوبارہ پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔کئی پاکستانی برآمدکنندگان کو انکی استعداد سے زیادہ آرڈر مل چکے ہیں اورآئندہ سال اپریل مئی تک کی تمام استعداد بک ہوچکی ہیں لہٰذا انھوں نے مزید بکنگ بند کر دی ہے جبکہ باقی بھی اس صورتحال میں خوش ہیں۔