کراچی:ڈائریکٹر کسٹم انٹلیجنس کا ایس ایس یو ہیڈ کواٹررز کا دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر کسٹم انٹلیجنس محمد یعقوب ماکونے کسٹم اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے وفد کے ہمراہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کواررزٹر کا دورہ کیا۔وفد نے ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد سے ملاقات کی اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ میں برقرار رکھے گئے پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گردوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے کمانڈوز کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کی سعی کی تعریف کی۔ڈی آئی جی مقصود احمد نے ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کی کارگردگی کے بارے میں آگاہ کیا اورملک کی پہلی(S.W.A.T) ٹیم کے بارے میں بتایا کہ جدید ہتھیاروں اور مواصلات کے نظام سے آراستہ (S.W.A.T) کے کمانڈوز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت الرٹ رہتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس یو(S.W.A.T) ٹیم اور کسٹم نے جون 2020 میں سعید آباد بس ٹرمینل کے قریب مشترکہ چھاپے مارے تھے اور اسمگل شدہ ہندوستانی کپڑے، ڈمپر ٹائرز، گٹکا اور سگریٹ ضبط کیا تھا جبکہ جولائی 2020 میں بولٹن مارکیٹ میں ایک اور چھاپے کے دوران نان کسٹم اشیا سے لدے 05 ٹرک برآمد کئے تھے۔ یہ کامیاب کاروائیاں ایس ایس یو کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ثابت کرتی ہیں۔وفد نے سیکیورٹی آفیسر ایس ایس یو مظفر اقبال کے ہمراہ ایس ایس کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔بعد ازاں ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کواعزازی شیلڈ پیش کی۔