ڈیرہ، 220ریٹائرڈملازمین کے ایل پی آر کی مد میں کروڑوں روپے جاری
پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈیرہ اسماعیل خان، ضلعی انتظامیہ نے مختلف محکموں کے ریٹائرڈ شدہ 220ملازمین کے ایل پی آر(leave encashment)کی مد میں آٹھ کروڑ دس لاکھ روپے جاری کر دیے۔ تمام متعلقہ محکموں اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کو تمام کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ رقوم کی جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ مزید 78ریٹائرڈ ریٹائرڈ ملازمین کے فنڈز کے اجراء کیلئے محکمہ فنانس خیبر پختونخوا کو ڈیمانڈ بھیجی جا چکی ہے تاکہ فنڈز کی فراہمی کے بعد مذکورہ ریٹائرڈ ملازمین کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ دس روز کے اندر مطلوبہ تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کیسز کو فوری نمٹایا جائے۔ مزید براں اگر کسی ریٹائرڈ ملازم کو محکمے یا اہلکار کی جانب سے بے جا تنگ کرنے یا دیگر شکایات و مسائل / معلومات کے حصول کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) کے دفتر سے 09669280067 رابطہ کریں یا پاکستان سیٹیزن پورٹل پر اپنی شکایت کا اندراج بھی کرا سکتے ہیں۔اسی طرح سالانہ امتحان 2019ء کے ٹاپ 20پوزیشن ہولڈرز88طلباء کے ایوارڈ فنڈ کی پہلی قسط جو کہ 109ملین روپے ہے ضلعی انتظامیہ نے محکمہ تعلیم ڈیرہ اسماعیل خان کو جاری کر دیے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ایوارڈ فنڈ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے جاری شدہ فہرست کے مطابق طلباء کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے جائیں جبکہ اس حوالے سے اگر کسی طالب علم کو کوئی شکایت ہو یا اس کا نام فہرست میں موجود نہ ہو وہ اپنی شکایت ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔