کورونا نے مزید 8افراد کو نگل لیا، 661نئے کیس، اسلام آباد میں 5سکول سیل، شادی ہالز کو وارننگ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر) شادی ہالز کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بننے لگے، این سی او سی نے خطرے کی گھنٹے بجا دی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سخت ایس او پیز جاری کر دئیے۔نئے قوانین کے تحت شادی ہال میں انڈور 300 اور آؤٹ ڈور 500 افراد کی اجازت ہوگی، شادی ہال میں ایونٹ کا دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا، شادی ہالز میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہال بھاری جرمانے کیساتھ مخصوص ٹائم کیلئے بند کر دیئے جائیں، شادی ہال کورونا وائرس میں ہائی رسک پر ہیں۔گزشتہ روز کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 552 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 595 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 898 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 2 ہزار 708 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 493 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت کے مزید پانچ تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر انہیں سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ نجی یونیورسٹی میں کیسز کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو بھی سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ماڈل اسکول جی سکس ون اور تھری میں 2کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ جی الیون فور میں نجی اسکول میں 2کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی نے ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نئی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات کرونا میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں لہٰذا ایسے پروگراموں کے انعقاد سے ہر ممکن گریز کیا جائے۔ بڑے اجتماعات کے انعقادکوروکنے پرغور کیا جارہا ہے۔پنجاب بھر کے سکولوں میں کورونا کیسز کی تعداد200 ہو گئی۔ محکمہ تعلیم کا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ۔بغیر ماسک طلبہ اور اساتذہ کے سکول داخلے پر پابندی لگا دی گئی، تعلیمی اداروں کے باہر نو ماسک نو انٹری کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو مراسلہ بھجوا دیا۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ حفاظتی اقدامات میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، ایس اوپیز پر ہر صورت عملد رآمد کروائیں گے۔
کورونا