جلسے جلوس اپوزیشن کا حق، ملک، اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی نہیں کرنے دینگے: پرویز خٹک
پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک چلانا، جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے مگر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی ملک کو غیر مستحکم کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے،پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ملک اور قوم کی بہتری کے لیے کوئی تجاویز لائے،میں نہ مانو ں کی پالیسی نہیں چلے گی،متحدہ اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی کئی مسائل سے دوچار ہے، عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے، باشعور عوام عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، وزیراعظم عمران خان غریب عوام کے لیے امید کی کرن ہے اور پوری قوم وزیراعظم عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے،پی ڈی ایم موجودہ حکومت پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی نہ ہی ان کے بیانیے میں کوئی حقیقت ہے،دو سالوں تک انتخابات کے خلاف دھاندلی کے الزامات ثاب نہیں کرسکے، الیکشن ٹریبونل نے بیشتر مقدمات نمٹا دیئے ہیں، پاک فوج جو دنیا کی مانی ہوئی فوج ہے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتی ہے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف امریکہ برطانیہ، روس اور چین سمیت پوری دنیا کررہی ہے،بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے خلاف اپنا ایجنڈا چلارہا ہے اس لیے پی ڈی ایم کی قیادت کو چاہیے کہ وہ بھارتی ایجنڈے کی بجائے پاکستان کے ایجنڈے پر چلے تو پھر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ گزشتہ روزیہاں مختلف مقامات پرجلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف جوخود فوج کی نرسری میں پلے بڑے، عجیب بات یہ ہے کہ اب اقتدار سے باہر رہ کر وہ اپنی یاداشت کھو بیٹھے ہیں، نوازشریف کا اصل چہرہ عوام کے سامنے ہے۔ انہوں نے ہمیشہ جو کچھ کیا جہاں سے تربیت پائی انہی کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے وہ شاید بھول گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے اسے ساری عمر کے لیے نااہل قرار دیدیاہے،عدالتوں نے اس کو اشتہار ی قرار دیا ہے اس میں وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کا کیا گناہ ہے۔ پی ڈی ایم سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں حکومت اپنی اائینی مدت پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو اپنی سیٹ جیت نہ کرسکے وہ پی ڈی ایم کی سربراہی میں کیا تیر ماریں گے۔
پرویز خٹک