نواز شریف کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آر محض انتقامی کارروائی ہے: محمد غوث قادری

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد غوث قادری نے کہا کہ پی ایم ا یل این کے قائد محمد نواز شریف کے خلاف حالیہ ایف آئی آر محض انتقامی کارروائی ہے جس کا مقصد ہمارے لیڈر کی آواز کو دبانا ہے۔ اے پی سی کانفرنس میں محمد نواز شریف نے انتہائی جرا¿ت کے ساتھ جو باتیں کی ہیں وہ حق و سچ پر مبنی ہیں جو موجودہ حکومت کو ہضم نہیں ہورہیں لہٰذا محض انتقامی کارروائی کرتے ہوئے سوچی سمجھی سازش کے تحت مقدمہ کا اندراج کرایا گیا ہے۔
محمد غوث قادری نے کہا کہ جعلی اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے محمد نواز شریف اور ان کے ورکرز کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی ان کی زبان بندی کی جاسکتی ہے کیونکہ محمد نواز شریف نے سچی اور کھری باتیں کی ہیں جن کا مقصد پاکستان کے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرنا ہے۔ محمد غوث قادری نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو پاکستان بھر کے عوام کی تائید اور حمایت حاصل ہے، آج بھی پی ایم ایل این کا ووٹ بنک سب سے زیادہ ہے اور محمد نواز شریف عوام الناس میں بے حد مقبول ہیں۔ حکومت جس قدر پی ایم ایل این کو مختلف حربوں سے دبانے کی کوشش کررہی ہے، پاکستان میں پی ایم ایل این کی مقبولیت اور ووٹ کا گراف اتنا ہی بلند ہورہ اہے۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، اچھے برے کی تمیز رکھتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ پس پردہ کیا ہورہاہے۔
محمد غوث قادری نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک پی ایم ایل این کے کارکنان اپنے قائد کے ایک اشارے پر جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں اور اپنے لیڈران کے ساتھ ہیں۔ ہم نے ماضی میں نہ اپنے لیڈران کو چھوڑا ہے اور نہ ہی مستقبل میں چھوڑیں گے بلکہ تائید و حمایت کے ساتھ ان کے دست و بازو بنیں گے۔ آخر میں محمد غوث قادری نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف سمیت تمام سیاسی اسیروں کے خلاف قائم مقدمات ختم کر کے بلا شرط رہا کیا جائے تاکہ ہمارے قائدین پاکستان کی سیاست میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔