سلیکٹڈ حکومت کے دن ختم ہو چکے ، وکلا ہماراساتھ دیں ،بلاول بھٹو زرداری

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے دن ختم ہو چکے ہیں ، ہم وکلا برادری سے اپیل کرتے ہیں ملک بھر میں ہماراساتھ دیں ،ہماراساتھ دیں تو یقین دلاتاہوں آپ کے مسائل حل کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو لائرز کلب کا سنگ بنیاد رکھ دیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وکلا آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہمیں گرفتاری کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں،گرفتاریاں پیپلزپارٹی کیلئے کوئی نئی بات نہیں ،ہمیں آئینی حقوق کاتحفظ کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ غیرجمہوری قوتیں آپ کے ہر حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہیں ،اگراپوزیشن لیڈر کو پارلیمان میں بولنے کی آزادی نہیں توکہاں ہو گی ؟،پارلیمان میں آپ کے مسائل نہیں اٹھاسکتے ہیں تو پھر سڑکوں پر جانے پر مجبور ہو ں گے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ پی ڈی ایم کاپہلا جلسہ 16 اکتوبر کوہوگا،کراچی سے گلگت تک ہمارا ساتھ دیں،یقین دلاتا ہوں سلیکٹڈ حکومت کے دن ختم ہو چکے ہیں ، ہم وکلا برادری سے اپیل کرتے ہیں ملک بھر میں ہماراساتھ دیں ،ہماراساتھ دیں تو یقین دلاتاہوں آپ کے مسائل حل کریں گے،انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ اور شہبازشریف آج بھی جیل میں ہیں ،ہمارے سیاسی ورکرز کو تنگ کیا جا رہا ہے۔