جعلی افراد کی پہچان کیسے کریں ؟

بھانت بھانت کے لوگ ہی اس معاشرے کو بناتے ہیں اگر ہم اتنا ہی سمجھ لیں کہ ہر کوئی ہم جیسا نہیں ہو سکتا تو آدھے جھگڑے تو وہیں ختم ہو جائیں لیکن وہ انسان ہی کیا جو ماحول کے مطابق خود کو ڈھالے ۔ انسانی فطرت ہے کہ وہ سب لوگوں کو اپنی طرح بنانا چاہتا ہے لیکن خود بدلنا نہیں چاہتا ۔ خیر اب کچھ ایسے لوگوں کی بات ہو جائے جو مصنوعی اور بناوٹی انداز سے آپ کو اپنا بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور درحقیقت ان کا مقصد اپنا فائدہ نکلوانا ہوتا ہے ۔
ایسے نقصان دہ اور مطلبی لوگوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے ۔ یہ بہت ہی آسان سی بات ہے ۔ پہلے صرف یہ دیکھیں کہ وہ لوگ آپ کو کیسے ٹریٹ کر رہے ہیں پھر ان کے بارے میں کوئی رائے قائم کریں کیونکہ ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی اسلئے ہمیں آپسی تعلقات میں دوسروں پر اعتماد کرتے ہوئے بھی اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ۔
اب اگر بات کریں مطلبی اور مضر افراد کی تو سب سے پہلے تو یہ افراد صرف آپ کو ہی خوش نہیں کریں گے بلکہ یہ تھالی کے بینگن ہوں گے ۔ ایک طرف آپ سے متفق ہوں گے دوسری طرف دوسروں سے بھی محبت اور دوستی کی پینگیں بڑھائیں گے ۔ ان کی اپنی کوئی رائے یا سوچ نہ ہو گی بلکہ یہ آُپ کو محض استعمال کریں گے اور آپ کی رائے کو اپنے الفاظ میں پیش کر کے آپ کو ہی نقصان پہنچائیں گے کیونکہ یہ ان خیالات میں اپنی طرف سے بھی کئی اضافے کریں گے جو یقینا آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہوں گے ۔
ایسے افراد ہر وقت گفتگو کا رخ آپ کی جانب ہی موڑے رکھیں گے اور اپنے بارے میں بہت کم معلومات دیں گے ۔ وہ آپ کے بارے میں سو فیصد جاننا چاہیں گے اور اپنے بارے میں بتاتے ہوئے ہمیشہ چپ سادھ لیں گے کیونکہ یہ یاد رکھیں کہ ایسے افراد اپنے بظاہر ہمدردانہ رویے کی وجہ سے خبریں نکلوانے میں بہت ماہر ہوتے ہیں اور ان کے بولنے سے ان کی سازشیں عیاں ہو جاتی ہیں اس لئے وہ زیادہ تر اپنے بارے میں نہیں بتاتے ۔
نقصان دہ افراد آپ کو ہمیشہ قیمتی اور مہنگے تحائف دیں گے اب اس سب میں ان کا مقصد کوئی محبت یا خلوص نہیں ہوگا بلکہ وہ صرف یہ جتانا چاہتے ہیں کہ آپ ان کی تعریف کریں ان پر اندھا دھند اعتماد کریں اور ان سے مرعوب ہوتے رہیں ۔ کیونکہ وہ اپنے آگے کسی کو نہیں جاتا دیکھ سکتے لہذا وہ تحائف میں بھی مقابلے کے رحجان کو پسند کرتے ہیں ۔
مطلبی اور منافق آدمی کبھی سب کی یکساں عزت نہیں کرتا بلکہ عہدے کو سلام والی بات ہے ۔ اگر آپ جاب میں ان سے اعلی رتبے پر ہیں تو یہ آپ کے گن گائیں گے تاکہ آپ ان کے پروفیشنل کرئیر میں مدد دیں اور اپنا مطلب حاصل کر نے کے بعد ان کا اصلی روپ سامنے آجائے گا جو یقینا بھیانک ہی ہو گا ۔
منافق لوگوں میں سب سے آخری اور اہم بات یہ ہو گی کہ وہ اپنی تعریف و ستائش کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے وہ ان باتوں پر بھی اپنی تعریف اور توصیف چاہیں گے جو انھوں نے کی ہی نہیں ۔ وہ آپ کی اچھی باتوں اور کارناموں کا کریڈٹ بھی لے سکتے ہیں کہ ان کی دوستی کی وجہ سے آج آپ اس مقام پر ہیں ۔ غرض یہ کہ ایسے مفاد پرست آدمی اپنے مفاد کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں تو مختصر یہ کہ ان سے بچ کر رہیں اور اگر آپ کے حلقہ احباب میں ایسے افراد ہیں تو انھیں نظرانداز کرنا شروع کر دیں اسی میں آپ کا فائدہ ہے ۔
۔
نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔
۔
اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیساتھ بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں.