پاکستان کا پہلا ماس ریپڈ شہری ٹرانزٹ ٹرین منصوبہ مکمل، کنٹرول انتظامیہ کے سپرد کردیا گیا

اسلام آباد(شِنہوا) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت لاہور میں پاکستان کے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو مکمل کر کے جمعہ کے روز پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ بات منصوبے کو مکمل کرنے کے ذمہ دار جوائنٹ وینچر نے بتائی۔
سی پیک کے ابتدائی مکمل منصوبے کے طور پر لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس پاکستان کی پہلی ماس ریپڈ شہری ٹرانزٹ ٹرین سروس ہے اور یہ منصوبہ چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنہ نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کے مشترکہ وینچر کے ذریعے بنایا گیا ہے۔تقریباً 1 ارب 60 کروڑ امریکی ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ اورنج لائن منصوبے کی تعمیر کا کام ستمبر 2015 میں شروع ہوا تھا اور امید کی جارہی ہے کہ اس منصوبے کو جلد ہی تجارتی بنیادوں پر شروع کر دیا جائے گا۔اورنج لائن منصوبے کے ایگزیکٹو ڈپٹی جنرل منیجر وانگ یون لن نے میڈیا کو بتایا کہ کوویڈ 19 کی وبا اور سخت تعمیراتی نظام الاوقات کے باوجود میٹرو ٹرین منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے حوالے کیا گیا۔ جو پاکستانی اور چینی ملازمین کی باہمی تعاون کی کاوشوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر کے عروج پر 2 ہزار سے زیادہ مقامی افراد کو ملازمتیں ملیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو تجارتی بنیادوں پر شروع کرنے کے بعد مقامی افراد کو سفر میں بہت بہتری آئے گی۔وانگ نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے میں جدید چینی ٹیکنالوجی ، معیار اور سازوسامان کو اپنا کر چینی معیارات اور منفرد مقامی ضروریات کو ہم آہنگ کیا گیا ہے۔