''نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ غلط ہوا ،، وفاقی وزیر داخلہ کا بڑا بیان سامنے آگیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئرریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ غلط ہوا، یہ اچھا نہیں ہوا، اسے ایشو بنایا جارہا ہے،بغاوت کے مقدمات کی کسی نے حوصلہ افزائی نہیں کی یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔
نجی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ بریگیڈیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا کوئی بھی پاکستانی اپنی فوج کہ خلاف جلسے جلوس نہیں نکالتا۔بغاوت کے مقدمے کی کسی نے حوصلہ افزائی نہیں کی اور یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سمیت کسی حکومتی عہدیدار نے بغاوت کے مقدمات درج کرنے کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔جلسے ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی بھی پاکستانی اپنی فوج کہ خلاف کسی جلسے یا جلوس نہیں نکالتا۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کیا اپوزیشن مہنگائی کہ خلاف جلسے کرنے جا رہی ہے؟اس تحریک کا عدلیہ بحالی تحریک سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ جنہوں نے 35 سال حکومت کی ان پرہی کیسز بنیں گے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل لاہور کے کسی شہری نے شاہدرہ تھانہ میں ن لیگ کےتقریباً47 رہنماؤں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروایا تھا۔جس میں آزادکشمیر کے وزیراعظم، نوازشریف، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنما شامل تھے۔وزیراعظم عمران خان نے بھی اس مقدمہ پر اظہار ناراضگی کیا تھا۔