مولانا ڈاکٹرعادل خان کی شہادت، حملے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید پر حملے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔
جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم ڈاکٹر عادل خان شہید پر حملے کے حوالے سے آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق مولانا ڈاکٹرعادل خان دارالعلوم کورنگی سے اپنی گاڑی میں نکلے، راستے میں وہ شمع شاپنگ سنٹر رکے ، ان کا ایک ساتھی کچھ خریداری کرنے گیا تھا۔ اسی دوران 2 موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ حملہ آوروں نے 5 گولیاں چلائیں جن میں سے 2 مولانا عادل کو جبکہ 3 ان کے ڈرائیور مقصود احمد کو لگیں۔
فائرنگ کے واقعے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ مولانا عادل کے ساتھی عمیر کو کوئی نقصان نہیں ہوا وہ ہسپتال میں ہے۔ حملے کے بعد مولانا عادل کو لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شہادت کی تصدیق کردی گئی۔ ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال کے مطابق مولانا عادل کو ایک گولی گردن اور ایک پیٹ میں لگی۔ دوسری جانب ڈرائیور مقصود احمد کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی جانبر نہ ہوسکا۔