مولانا فضل الرحمان کے ساتھی حافظ حمد اللہ کی پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت، وجہ جان کر آپ کو بھی خوشی ہوگی

مولانا فضل الرحمان کے ساتھی حافظ حمد اللہ کی پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ ...
مولانا فضل الرحمان کے ساتھی حافظ حمد اللہ کی پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت، وجہ جان کر آپ کو بھی خوشی ہوگی
سورس: Screen Grab

  

ایبٹ آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی حافظ حمداللہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔

ہفتہ کے روز پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 142 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاس آؤٹ ہونے والوں میں 32ویں ٹیکنیکل گریجویٹس اور 61 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ 16 ویں لیڈی کیڈٹس کورس اور پہلے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں قطر،مالدیپ ،فلسطین اور سری لنکاکے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

ملٹری اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہونے والوں میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی سینیٹر حافظ حمداللہ کا صاحبزادہ بھی شامل ہے۔ اپنے بیٹے کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں حافظ حمداللہ نے بھی شرکت کی۔

سینئر صحافی حامد میر نے حافظ حمداللہ اور ان کے صاحبزادے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ پچھلے سال نادرا نے حافظ حمداللّٰہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی تھی اور انہیں افغانی بنا دیا ان کی شہریت عدالت نے بحال کی آج وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں موجود تھےان کا بیٹا بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھا فوج کو اپنے بیٹے دینے والے فوج کے دشمن نہیں ہوسکتے۔‘

خیال رہے کہ اکتوبر 2019 میں نادرا کی جانب سے حافظ حمداللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وہ افغانستان کے باشندے ہیں۔ نادرا کی اسی رپورٹ ک بنیاد پر پیمرا نے حافظ حمداللہ کی ٹی وی پروگراموں میں شرکت پر پابندی عائد کردی تھی۔