دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والی حکومت کے احتساب کا وقت قریب آگیا:حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ غیر جمہوری حکومت کے خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے،عمران نیازی کی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے، دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والی حکومت میں خود چینی،آٹا اور ادوایات چور موجود ہیں، حکومت کے احتساب کا وقت قریب آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حاجی علی مدد جتک نے 25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے ابھی تو حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز ہی کیا ہے لیکن وزیراعظم اورانکے نام نہاد ترجمان بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور انکے پاس اپوزیشن کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے غیر جمہوری حکومت کے خاتمے کیلئے جدوجہد شروع کردی ہے اور غیر جمہوری حکومت کے خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے،وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے، حکومتی وزرا کام کرنے کے بجائے سارا دن اپوزیشن جماعتوں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے نظرآتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہونے والے 25اکتوبر کے کوئٹہ میں جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے ،بلوچستان میں پی ڈی ایم کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،پارٹی جیالے پچیس اکتوبرکے جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔