سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان ،صادق سنجرانی ،اسد قیصر ،فواد چوہدری ،شیخ رشید سمیت سیاسی قیادت کا اظہار افسوس

 سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان ،صادق سنجرانی ،اسد ...
 سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان ،صادق سنجرانی ،اسد قیصر ،فواد چوہدری ،شیخ رشید سمیت سیاسی قیادت کا اظہار افسوس

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد،وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین،عبد العلیم خان،سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت سیاسی قیادت نے سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کی رحلت کا جان کر نہایت رنجیدہ ہوں، کشمیر کاز میں ان کا حصہ اور اہلِ کشمیر کیلئے ان کی خدمات انمول تھیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم سردار سکندر حیات ایک مدبر سیاستدان تھے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ ا للہ تبارک تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی  اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم و صدر آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کی وفات پر دکھ اور افسوس ہوا، سکندر حیات خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرماۓ اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر وجمیل عطاء فرماۓ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سابق صدر و وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتا ہوں، اُنہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سردار سکندر حیات کو جنت میں داخل کرے،ان کے درجات بلند کرے، کشمیر کے لئے سردار سکندر حیات کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

   ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔

مزید :

قومی -