وزیر اعظم کی تمام تر توجہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے پر مرکوز ہے:سیف اللہ نیازی 

وزیر اعظم کی تمام تر توجہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو ...
وزیر اعظم کی تمام تر توجہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے پر مرکوز ہے:سیف اللہ نیازی 

  

ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تمام تر توجہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے پر مرکوز ہے،پارٹی کے مقامی رہنما اِن دونوں مقاصد کے حصول کےلئے انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں،شکایات کے فوری حل سے ہی عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہو گی، اس لئے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔

 سرکٹ ہاؤس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس ،پارٹی رہنماؤں اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی اور اپنے اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے سینٹر سیف اللہ خان نیازی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور اس میں پیش آنے والی مشکلات کو فوری حل کیا جائے تا کہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے ساہیوال میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور موٹر وے انٹر چینج کے میگا منصوبوں کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لینے کا یقین دلایا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں18ارب 55کروڑ روپے کے 794 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 67منصوبوں پر 15ارب40کروڑ روپے بھی خرچ ہونگے۔ اجلاس میں کمشنر علی بہادر قاضی نے روزمرہ اشیاءکی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور منڈیوں میں نیلامی سے لےکر پرچون کی سطح پر مانیٹرنگ کے عمل کی تفصیل سے وضاحت کی اور بتایا کہ نیلامی کے عمل کی تمام ڈپٹی کمشنرز خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور نیلامی اور پرچون کے ریٹ میں 20فیصد سے زائد فرق نہیں رکھا جاتا۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کےلئے پرائس مجسٹریٹس کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ اوور چارجنگ کی عوامی شکایات کم ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے شہر میں جاری 17ارب روپے کے انٹر میڈیٹ سٹی ایمپرومنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دلایا کہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں جلد دور کر کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائےگا۔اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے علاقے کو در پیش بڑے مسائل جن میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا قیام،موٹر وے انٹر چینج‘چیچہ وطنی میں ویٹرنری کیمپس کی تعمیر ، ہڑپہ میں اوور ہیڈ برج کی تعمیر‘پی ایچ اے کو فنڈز کی فراہمی اور میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں توجہ دلائی۔

سینٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر تما م اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں تا کہ حقیقی مسائل سے آگاہی ہوں،کارکنوں کے مسائل سنے جائیں اور انتظامیہ سے رابطے کو بہتر بنایا جا سکے ،وزیر اعظم عمران خان ملک کو در پیش دیرینہ مسائل کےلئے کوشاں ہیں تاہم محدود وسائل ان کے حل میں تاخیر کا سبب ہیں،آپ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات بارے مسلسل آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو سال عوامی مسائل کے حل کو سب سے زیادہ مقدم رکھا جائے گا اور ان کا پنجاب کاد ورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تا کہ دوردراز علاقوں کو در پیش مسائل کا ادراک کر کے انہیں حل کیا جا سکے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -ساہیوال -