صہیب ٹی 20ورلڈ کپ سے باہر،شعیب ملک شامل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر اور مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک کو صہیب مقصود کی جگہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔ صہیب مقصودکمر کی تکلیف کے باعث قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا ایم آر آئی سکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ صہیب مقصودکا آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت محنت کی تھی۔ ٹیم مشاورت کے بعدہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو قومی سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگا۔شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 2009 ورلڈکپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے۔انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔