دبئی ایکسپوپاکستان کو دنیا تک رسائی کا بہترین موقع دے رہی ہے: عارف علوی 

دبئی ایکسپوپاکستان کو دنیا تک رسائی کا بہترین موقع دے رہی ہے: عارف علوی 

  

 دبئی(آئی این پی، این این آئی)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ دبئی ایکسپو پاکستان کو دنیا تک رسائی کا بہترین موقع دے رہی ہے،خلیجی اخبار کو انٹرویو  میں  صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں ہماری فعال موجودگی جیو اکنامکس پر توجہ کی علامت ہے،ان کا کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا مقصد ملک کے مثبت رخ اور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنا ہے، پاکستان یو اے ای برادرانہ تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے، خلیجی ممالک سے مضبوط اور کثیر الجہتی  تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہیں،انہوں نے زور دیا کہ پر امن افغانستان علاقائی رابطوں، اقتصادیات اور ترقی کے لیے ضروری ہے پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افغانستان میں امن کا سب سے بڑا خواہش مند پاکستان ہے، وہاں استحکام اور دیرپا امن کے لیے عالمی برادری کا تعمیری کردار ضروری ہے، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے بھی عالمی برادری کا کردار ضروری ہے، قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچے تو متحدہ عرب امارات کے وزیرانصاف عبداللہ بن سلطان نے صدر عارف علوی کا استقبال کیا،عارف علوی متحدہ عرب امارات میں کاروباری افراد، سرمایہ کاروں، آئی ٹی کمپنیوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، صدر مملکت دبئی میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کریں گے،صدر مملکت کے دورہ دبئی کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے،دورہ یو اے ای کے دوران صدرِ پاکستان دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا افتتاح کریں گے، وہ عرب امارات کے معززین سے ملاقات بھی کریں گے۔ صدر مملکت سے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے تحت ون ونڈو سہولت کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، سہولت فراہم کرنا ہے، وفاقی حکومت ملک بھر میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کیلئے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام عمل میں لائی، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کو دنیائے ٹیکنالوجی کے نقشے پر لانا ہے۔  صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں موبیئس کیپیٹل پارٹنرز کے بانی مارک موبیئس؛  انتھونی چیونگ، ڈریگن ٹیک وینچرز مینجمنٹ لمیٹڈ کے بانی شامل تھے، گلیکسی ریسر (ای اسپورٹس) کے شیخ احمد المکتوم اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ماسٹر کارڈ کے ڈویڑن صدر خالد الجبیلی نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں بعد ازاں، ماسٹر کارڈ، گلیکسی ریسر (ای اسپورٹس) اور شورق پارٹنرز وی سی فنڈز کے ساتھ پاکستان کی خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) کے مابین تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے،گلیکسی ریسر پاکستان میں سب سے بڑے ای اسپورٹس ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا،دسمبر میں ہونے والے ای سپورٹس مقابلوں میں ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ہوگی، ماسٹر کارڈ نے پاکستان میں STZA کے ساتھ اسٹریٹجک ڈیجیٹل کنٹری شراکت داری پر دستخط کیے، معاہدے سے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو بڑھایا جاسکے گا اور ٹیکنالوجی کے جدید شعبے کو ترقی دی جاسکے گی،ماسٹر کارڈ پاکستان کا پہلا کیش لیس اسپیشل ٹکنالوجی زون تیار کرے گا

صدر مملکت 

مزید :

صفحہ آخر -