رتی برابر بھی یقین نہیں وزیراعظم پنڈور اپیپرز کی شفاف تحقیقات کراسکیں گے: سرا ج الحق 

رتی برابر بھی یقین نہیں وزیراعظم پنڈور اپیپرز کی شفاف تحقیقات کراسکیں گے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر کمرتوڑ مہنگائی، طوفان بے روزگاری، قرضوں کا پہاڑ اور کشمیر کا سودا ہے۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا، ایک نہیں دے سکے۔ موجودہ حکومت کے دور میں مافیاز کی چاندی ہے جو بحران پیدا کرکے اربوں کماتے ہیں۔ حکومت مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں، وڈیروں کے نرغے میں ہے۔ سٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے ایجنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ڈالر بلندیوں پر پرواز، روپیہ پستیوں کی جانب سفر کررہا ہے۔ آٹا، گھی، دالوں، سبزیوں کی قیمتیں غریب کے ہوش اڑا دیتی ہیں۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی۔ ایک طرف مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادیا ہے دوسری جانب کرپٹ اشرافیہ مال بنانے میں مصروف ہے۔ رتی برابر بھی یقین نہیں کہ وزیراعظم پنڈورا پیپرز شفاف تحقیقات کرا سکیں گے۔ تینوں بڑی جماعتوں کے لوگوں کا نام حالیہ لیکس میں آیا ہے۔ پانامہ لیکس میں بھی اسی حکمران اشرافیہ کی کرپشن کی داستانیں تھیں۔ ملک میں جاری نام نہاد احتسابی عمل ایک فرینڈلی کھیل کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ وطن عزیز کے ریسورسز کی لوٹ مار جاری ہے۔ وزیراعظم سوا تین سالوں سے یہی کہتے آرہے ہیں کہ پچھلی حکومتوں کا ڈالا گند صاف کررہے ہیں۔ حیران ہوں کہ موجودہ حکومت نے جو بحران پیدا کیے ہیں ان کا ازالہ کیسے ہوگا۔ قوم کی واحد آواز اسلامی انقلاب ہے۔ ترقی و خوشحالی کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہوگی۔ تھرپارکر خوبصورت علاقہ ہے، مگر لائیو سٹاک اور دیگر نعمتوں سے مالا مال اس علاقہ کے عوام کو وڈیروں اور جاگیرداروں سے چھٹکارا چاہیے۔ علاقہ کو یونیورسٹی اور ہسپتال ملنے چاہییں۔ عوام کو پینے کا پانی دیا جائے۔ راجن پور ملک کا پسماندہ ترین ضلع ہے۔ یہ واحد ضلع ہے جو سوئی سے ایک گھنٹہ کی مسافت پہ مگر گیس سے محروم ہے۔ رحیم یار خان کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہاں کے وڈیروں سے پوچھتا ہوں کہ وہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن کیوں ہیں۔ اللہ کے فضل وکرم سے جماعت اسلامی دنیاوی بتوں کو پاش پاش کرکے ملک کو قرآن و سنت کا گہوارا بنائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاضل پور (ضلع راجن پور) میں ورکرز کنونشن اور رحیم یار خان میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات میں خواتین سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ امیر جماعت سندھ کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد جنوبی پنجاب کے دوروزہ دورہ پر ہیں۔ اپنے دورہ کے پہلے روز انھوں نے فاضل پور اور رحیم یار خان میں جلسوں سے خطاب کیا۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -