معاشرے میں قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء کو اپنا کردارادا کرتے رہنا چاہئے: پرویز الٰہی 

معاشرے میں قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء کو اپنا کردارادا کرتے رہنا چاہئے: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے چودھری محمد حسین نجف صدر ڈسٹرکٹ بار بہاولنگر کی سربراہی میں وکلا ء کے وفد نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفد میں فضیلت نیاز مرزا ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، غلام نبی سپرا صدر ہارون آباد بار، سعید سجاد گجر جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ ہارون آباد بار اور مزمل احمد وینس ایڈووکیٹ شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شمولیت پر وکلا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری کو میری دی ہوئی فری میڈیسن سے لے کر بائی پاس تک کی سہولیات بحال کی جائیں جن کو شہبازشریف نے بند کر دیا تھا، وکلا ء برادری کو طبی سہولیات سے محروم کرنا امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کیلئے وکلا کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہئے، وکلا برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بطور وزیراعلیٰ بہت کام کیا، ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی، مفت علاج کی سہولیات فراہم کیں، پہلی بار پراسیکیوٹر جنرل کا عہدہ متعارف کروایا، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پٹرولنگ پوسٹوں کا نظام بنایا اگر ن لیگ پٹرولنگ پوسٹوں کے قیام کا ہدف پورا ہونے دیتی تو آج ہمارے دیہات اور شہری علاقے جرائم سے محفوظ ہوتے، سابق حکومت نے ہمارے فلاحی منصوبوں کو بند کرنے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے اسی لیے ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار بہاولنگر چودھری محمود حسین نجف نے کہا کہ جنوبی پنجاب آپ کے دور میں خوشحال تھا، جنوبی پنجاب میں آپ کے کیے ہوئے کام اب لوگوں کو یاد آ رہے ہیں، ترقیاتی کاموں کا جال بچھا ہوا تھا، جنوبی پنجاب کے ان علاقوں میں بھی پکی سڑکیں تعمیر ہوئیں جہاں کوئی جانے کو تیار نہیں تھا۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -