شہباز شریف پارٹی نا انصافیوں کاغصہ غیر آئینی و غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں:فواد چودھری

  شہباز شریف پارٹی نا انصافیوں کاغصہ غیر آئینی و غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ ...

  

       اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے اپوزیشن چاہتی ہے احتساب کا عمل چھو ڑ کر آگے بڑھا جائے۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہباز شریف اور حمزہ کو شوگر ملز کیس میں 30 اکتوبر تک ضمانت ملی ہے، مقدمے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے ہیں، یہ صرف ان ہوشربا کرپشن کیسز میں سے صرف ایک کیس ہے، پھر کہا جاتا ہے پی ٹی آئی ہر وقت احتساب احتساب کرتی رہتی ہے۔ بعدازاں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پارٹی کے اندر ہونیوالی نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں۔ پہلے طے کر لیں وہ پارٹی کے اندر ہیں یا بڑے میاں نے ا پنو ں کے ذریعے "باہر" کر دیا ہے۔انہوں نے کہا پی ایم ایل این کی سیاست کو بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی نے دفن کر دیا ہے۔ پاکستان میں کرپشن کا سورج طلوع کرنیوالے لندن میں غروب ہو چکے ہیں۔ یہ ملک کے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ اگر یہ اقتدار میں ہو ں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے،عوام اگر اقتدار عمران خان کو دیں تو ان سے برداشت نہیں۔ جنہیں سرکاری وسائل و پروٹوکول استعما ل کرنے کی دہائیوں پر محیط لت لگی ہو وہ اقتدار و اختیار کے بغیر ایسے ہی تڑپتے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔ اگر ملک میں آج مہنگائی ہے تو اس کی وجہ ان ہی لوگوں کی اربوں کھربوں کی کرپشن اور غیر ملکی قرضے ہیں جو یہ ذاتی مفاد کیلئے لیتے رہے۔فواد چودھری نے مزید کہا مولانا فضل الرحمن سیاسی انا کی تسکین کیلئے جمہوری نظام سے نہ کھیلیں۔ انہیں سابقہ دور میں قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقاریر کیوں نہیں یاد آرہیں؟ اپنی ایک پلیٹ حلوے کیلئے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں۔؟ نواز شریف اپنے بھائی اور مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کیساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جو زرداری اور بلاول نے مل کرمولانا فضل الرحمن سے کیا۔ 

فواد چودھری

مزید :

صفحہ اول -