منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

  منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       لاہور(نامہ نگار)بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور انکے صاحبزادے اپوز یشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانتوں میں 30اکتوبر تک توسیع کردی جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں بینک جرائم کورٹ کے دائر اختیار پر اعتراض اٹھادیا،عدالت نے اعتراض پرایف آئی اے کے پراسیکیوٹر معظم حبیب سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئے،گزشتہ روز شہبازشریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں عدالت میں پیش ہوئے تو ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا یہ پیچیدہ کیس ہے،اس میں اینٹی کرپشن اور بینک جرائم کی دفعات شامل ہیں، معاملہ بینک جرائم کورٹ کے دائر اختیار میں نہیں آتا،کیس کو ایسی عدالت میں منتقل کیا جائے جو ایف آئی اے کے ہر قسم کے کیسز کی سماعت کا اختیار رکھتی ہو، ایف آئی اے کورٹ سیشن عدالت یا سپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے کورٹ منتقل کیا جائے،دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیارکیا ایف آئی اے کیس کو لٹکا رہی ہے،عرصہ ہو گیا ہے کیس کی تفتیش مکمل نہیں ہوئی اور اب عدالت کے دائر اختیار پر جواز بنا کر کیس کو مزید لٹکایا جا رہا ہے،اسی دوران شہباز شریف نے کہا منی لانڈرنگ کے حوالے سے لندن میں ایک فیصلہ آیا، یہی پلندا اٹھا کر یہ لندن بھی لے کر گئے تھے، ایف آئی اے نے اخباروں میں چھپوایا میں نے جواب نہیں دیا، مجھ پر عدم تعاون کا الزام لگایا جاتا ہے مگر میں صحت کی خرابی کے باوجود عدالت پیش ہوا، فاضل جج نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ یہاں صرف قانونی بات کریں تو بہتر ہے،امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا شہبا زشریف ابھی تفتیشی کمرہ سے باہر نہیں آئے ہوتے اور اندر کی باتیں میڈیا پر چل رہی ہوتی ہیں، فاضل جج نے سرکاری وکیل کوہدایت کی کہ آپ اپنے افسروں کو کہیں کیس عدالت میں ہے لہٰذا عدالت کو اس کا فیصلہ کرنے دیں، عدا لت توقع کریگی کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں شہباز شریف کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچے،عدالت نے مذکورہ بالاریمارکس کیساتھ کیس کی مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی۔
ضمانت توسیع

لاہور(نامہ نگار)بینکنگ عدالت میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پرمسلم لیگ (ن) کے رہنماعطااللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیاکوئی ثبوت سامنے نہیں آیا،ایف آئی اے نے آج تک کسی کیخلاف اتنا لمباکیس نہیں بنایا،یہ کام زیادہ دیرتک چلنے والانہیں،حکومت کوجواب دینا ہوگا،حکومت ناکام ہو چکی ہے اور انتقامی کارروائیوں کے علاوہ آج تک کچھ نہیں کیا، ایف آئی اے کو آج اچانک عدالتی دائرہ اختیار کا خیال آگیا جبکہ جہانگیر ترین سمیت دیگر نے بینکنگ کورٹ سے ضمانتیں لیں،قوم کا پیسہ اور معززعدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے،عدالت میں پیشی کے موقع پر شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکن بھی موجود تھے جنہوں نے ان کے حق میں نعرہ لگائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
عطاتارڑ

مزید :

صفحہ اول -