اہل لاڑکانہ ملک میں مزاحمتی سیاست کی علامت،ہرفرد سے دلی رشتہ ہے:بلاول

  اہل لاڑکانہ ملک میں مزاحمتی سیاست کی علامت،ہرفرد سے دلی رشتہ ہے:بلاول

  

      لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے لاڑکانہ والے ملک میں مزاحمتی سیاست کی ایک علامت ہیں، یہاں کی ہر خوشی، ہر غم اور ہر مسئلے کو اپنا معاملہ سمجھتا ہوں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، خورشید جونیجو، اعجاز جاکھرانی اور سہیل انور سیال موجود تھے۔بلاول نے تنظیمی عہدیداران کی موجودگی میں لاڑکانہ میں تعلیمی اداروں کی صورتحال اور ترقیا تی منصوبوں سے متعلق بھی تفصیلات طلب کرلیں۔بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی لاڑکانہ کے عوامی نمائندگان کی موجودگی میں محکمہ بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر ناصر شاہ نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔پی پی چیئرمین کو ضیاء عباس شاہ اور سردار شاہ نے پی پی پی لاڑکانہ کے عوامی نمائندگان کی موجودگی میں ورکس اینڈ سروسز اور تعلیم کے محکمو ں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا لاڑکانہ میں عوامی مسائل کے حل کے تسلسل کو جاری رکھا جائے، لاڑکانہ ملک میں جمہوریت کا ایک استعا رہ ہے، یہاں کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، یہاں کے مسائل کے حل کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ لاڑکانہ والے ملک میں مزاحمتی سیاست کی ایک علامت ہیں،یہاں کے ہر فرد سے دلی رشتہ محسوس کرتا ہوں، کسی قیمت پرانکا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -