عثمان بزدار کا رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ ایک ارب روپے تک بڑھانے کاا علان

  عثمان بزدار کا رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ ایک ارب روپے تک بڑھانے کاا علان

  

     لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا48 واں اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں مقامی حکومتوں کے ٹرانزیکشن پلان کی اصولی منظوری دی گئی- اجلاس میں ٹرانزیکشن پلان پر عملدرآمدکیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے قانونی و آئینی ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا-قانونی و آئینی ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کابینہ کمیٹی میں محکمہ قانون، محکمہ بلدیات،محکمہ پراسیکیوشن، دیگر متعلقہ محکموں کے وزراء، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے-کمیٹی ٹرانزیکشن پلان کا ہر پہلو سے جائزہ لے کر اقدامات کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی-وزیراعلی عثمان بزدارنے صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات جاری رہیں گی-تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شان رحمت اللعالمینؐ کے حوالے سے خصوصی تقریبات، محافل ہوں گی۔نبی آخرالزماں حضرت محمد ؐ کی تعریف وتوصیف بیان کرنابہت بڑا اعزاز اور انعام ہے۔انسان تو انسان، فرشتے بھی نبی کریمؐ پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تا ابد بھیجتے رہیں گے۔ ہر مسلمان حضرت محمدؐ کی شان بیان کرنا اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے۔سابق روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے شان رحمت اللعالمینؐ منانے کیلئے پورا عشرہ مخصوص کیا ہے۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 47ویں اجلاس،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 60ویں، 61 ویں اور 62ویں اجلاس اورکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 68ویں اور 69 ویں اجلاس کے فیصلوں کی تو ثیق کی گئی- صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-ر سردار عثمان بزدارنے رحمت اللعالمین ؐسکالرشپ میں اضافے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ذہین ونادار طلباوطالبات کی مالی معاونت کے لئے رحمت اللعالمین  ؐسکالرشپ کے تحت گزشتہ برس 50کروڑروپے رکھے گئے جبکہ روا ں برس  رحمت اللعالمین  ؐسکالرشپ کو بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا گیا ہے اور 10574 ذہین اورنادار طلباوطالبات کو رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ دیئے جاچکے ہیں۔ پیف کے تحت 677مزید رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد،یونیورسٹی آف چکوال اور اوکاڑہ یونیورسٹی میں ”سیرت چیئر“ قائم ہوچکی ہے اورسیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے 36اضلاع میں عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ  کے تحت تقریبات جاری ہیں۔ عشرہ شان رحمت  اللعالمین ؐ منا کر دنیا کو پیغام دیں گے حضرت محمدؐ  کی عظمت انسانی سوچ اورخیال سے بالاتر ہے۔حضرت محمدخاتم الالنبینؐ ہیں اور آپؐ  کی شان پر دنیا جہان قربان۔ رحمت اللعالمینؐ کی شان بیان کرنا ہمارے ایمان کاحصہ ہے-

عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈسکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، فوڈ سکیورٹی اورفصلوں کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کیلئے غذائی تحفظ کو یقینی بنا نا حکومت کی ذمہ داری ہے۔غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی اشتراک ضروری ہے۔پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں - پاکستان کی فوڈ سکیورٹی کی ضروریات پوری کرنے میں پنجاب کا سب سے زیادہ حصہ ہے -ہماری حکومت نے کسان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے - گندم، گنے اور دیگر فصلیں کاشت کرنے والے کسانو ں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملا ہے - وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے -ماضی کی حکومتوں نے کاشتکاروں کا استحصال کیا اورسابق دور حکومت میں کسان اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے لیکن آج کا کسان خوشحال ہے -انہوں نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے - زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے کسانو ں کو جدید آلات اور مشینری دی جا رہی ہے - کسانوں کیلئے معیاری کھاد کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے -حکومت کے کسان دوست اقدامات سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے -  سردار عثمان بزدارنے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے موثر انداز میں مہم چلانے کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کیلئے متعلقہ محکمے اور ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اورانسداد ڈینگی کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمدمن وعن یقینی بنایا جائے اوران ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران انسداد ڈینگی اقدامات کی موثر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ سرکاری ونجی عمارتوں کی موثرسرویلنس کر کے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کیا جائے۔ٹائر شاپس اورقبرستانوں میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔انسداد ڈینگی کے اقدامات میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مزیداقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز اور کاؤنٹرزپرمریضوں اورانکے تیمارداروں کو تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں۔شہری اپنے گھروں اورچھتوں میں کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے دیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔

ڈینگی

مزید :

صفحہ اول -