مختلف صوبوں کے ریسکیورز پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور قوم کا فخر ہیں، زرتاج گل
ڈیرہ(سٹی رپورٹر) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مختلف صوبوں کے ریسکیورزپاکستان کا قیمتی اثاثہ اور قوم کا فخر ہیں، جب لوگ خطرے کی جگہ سے دور بھاگ رہے ہوتے ہیں تو صرف ریسکیور ہی ہوتے ہیں جو خطرے کی طرف بھاگ رہے ہوتے ہیں، آپ یقین جانیے کہ اب ریسکیو 1122ہماری زندگی اور سوچ میں شامل ہو چکا ہے، جب ہمیں کوئی خطرہ درپیش آتا ہے تو ہمارے ذہنوں میں فوری ریسکیو 1122کا خیال آتا ہے جس سے زندگی کی اُمید نظر آتی ہے کہ کوئی ہے جو ہماری زندگی بچائے گا، آپ کے کام کا ایوارڈیہ ہے کہ(بقیہ نمبر20صفحہ6پر)
آپ ہماری دعاؤں میں شامل ہیں اوراس سے بڑا ایوارڈ آپ کو اللہ تعالی سے بھی ملے گا کیونکہ جس نے ایک جان بچائی اُس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ ان خیالات کااظہار ریسکیو 1122کے دفتر میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔زرتاج گل نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر رضوان پر فخر ہے انہوں نے پنجاب، کے پی کے، میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سنٹرز بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو سراہا زرتاج گل نے ڈی جی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کی ٹیم کوحادثات وسانحات کے 99لاکھ سے زائد متاثرین کو بچانے، پاکستان کے تمام صوبوں کے 20 ہزار سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت دینے، پہلے سارک ریسکیو چیلنج،دسویں نیشنل ریسکیو چیلنج اور 4 نیشنل والنٹئرز چیلنجز کے کامیاب انعقادپر مبارکباد دی۔ انہوں نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی پاکستان ریسکیو ٹیم کو جنوبی ایشیا میں پہلی اقوام متحدہ کی انسرگ سرٹیفائیڈ ٹیم بننے پر خصوصی طور پر مبارکباد دی۔ ٹراما اینڈ میڈیکل چیلنج جہلم ریسکیو ٹیم راولپنڈی ڈویژن نے جیتا، فائر فٹ چیلنج گوجرانوالہ ڈویژن، واٹر ریسکیوپشاور ٹیم خیبر پختوانخوا، تیراکی گوجرانوالہ، ڈیپ ویل ریسکیو میں بہاولپور اور سرگودھا اور اونچائی ریسکیو چیلنجز سرگودھا ڈویژنل ٹیموں نے جیتا۔ مجموعی طور دسویں نیشنل ریسکیو چیلنج میں گوجرانوالہ ڈویژن فتح حاصل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امورکی پاکستان میں نمائندہ چوائس اوفوما اوکورونے کہا کہ ریسکیو 1122 نے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں عالمی معیار کا ایمرجنسی رسپانس سسٹم قائم کیا ہے جو اپنی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ذریعے دیگر صوبوں کو بھی مدد فراہم کر رہا ہے قائم مقام گورنر پنجاب/ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور ڈاکٹر رضوان نصیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں اور یقین دلاتی ہوں کہ UN-OCHA پاکستان کو ہرممکن مدد فراہم کرے گا آخر میں زرتاج گل نے چوائس افووما اوکورو اور ڈاکٹر رضوان نصیر کے ہمراہ نیشنل ریسکیو چیلنج 2021 کی فاتح ٹرافی گوجرانوالہ ڈویژن کو پیش کی۔ ڈی جی ریسکیو نے وزیر موسمیاتی تبدیلی اوراقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امورکی پاکستان میں نمائندہ محترمہ چوائس اوفوما اوکوروکویادگاری شیلڈزبھی پیش کیں۔
زرتاج گل