محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر آرمی چیف ، وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیت کے پیغامات 

محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر آرمی ...
محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر آرمی چیف ، وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیت کے پیغامات 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماوں اور عسکری قیادت کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو آج صبح پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوشش کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور 85 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےایٹمی سائنسدان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کے انتقال کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا، 1982 سے ڈاکٹر عبدالقدیر کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، جوہری ہتھیار وں کے حوالے سے قوم ان کی خدمات کبھی نہیں بھولے گی۔

وزیراعظم عمران خان 

محسن پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی ریاست بنانے میں مرکزی کردار اداکیا جس کی وجہ سے پاکستانی قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے ہمیں ایک جارحانہ ایٹمی قوت رکھنے والے پڑوسی ملک سے تحفظ فراہم کیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستانیوں کے لیے قومی ہیرو کی حیثیت رکھتے تھے۔عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں کی جائے گی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ڈاکٹر عبد القدیر کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ آج قوم ایک سچے محسن سے محروم ہوگئی ہے جس نے دل وجان سے مادر وطن کی خدمت کی۔شہباز شریف نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ملک کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور لکھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس کی جانب سے بھی ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبد القدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیرخان کے درجات کو بلند کرے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید

 وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیدکا  کہنا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹرعبد القدیر نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، ان کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی، اہل خانہ کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی وقت کا اعلان کیا جائے گا۔

مریم نواز

مریم نواز نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا۔پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے لیے انکی خدمات بہت بڑی ہیں۔ اللّہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔ آمین

فواد چوہدری

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی پاکستان کیلئے خدمات ان گنت ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -