رحیم یار خان کے مزدوروں کی سندھ میں ٹارگٹ کلنگ ، پنجاب نیشنل پارٹی کا انصاف کا مطالبہ

رحیم یار خان کے مزدوروں کی سندھ میں ٹارگٹ کلنگ ، پنجاب نیشنل پارٹی کا انصاف ...
رحیم یار خان کے مزدوروں کی سندھ میں ٹارگٹ کلنگ ، پنجاب نیشنل پارٹی کا انصاف کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رحیم یارخان (ڈیلی پاکستان آن لائن)  سندھ کے علاقے قمبر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کا  نشانہ بننے والے  پنجابی مزدوروں کے لواحقین نے  سندھ  اور پنجاب حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔  پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر انصر جمیل اور مرکزی ترجمان میاں آصف علی کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں پنجاب کے شہریوں  کی ٹارگٹ کلنگ بند کی جائے،  صوبائی اور وفاقی حکومتیں شہداء کے لواحقین کی مالی مدد کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں،  صوبوں میں نفرتیں پھیلانے والے عناصر کا خاتمہ  ضروری ہے۔

سندھ کے علاقے قمبر میں  تین روز قبل پنجاب کے علاقے رحیم یارخان سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھاجس کے رد عمل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے مرکزی سینئر نائب اور مرکزی ترجمان نے کہا کہ پنجاب کا شناختی کارڈ دیکھ کر مزدوروں کے قتل کا سلسلہ بلوچستان میں طویل عرصے سے جاری ہے لیکن اب یہ افسوسناک سلسلہ سندھ میں بھی شروع ہو گیا ہے۔ قمبر میں دکان کے باہر نیند کی حالت میں قتل ہونے والے نوجوان عمران کمبوہ چار ننھے بچوں کا باپ اور گھر کا واد کفیل تھا جبکہ دوسرے نوجوان اکرام عبداللہ کی دو ماہ بعد شادی تھی۔

انہوں نے کہا کہ  اس خوفناک سانحے کے بعد سندھ حکومت نے نہ تو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اور نہ ہی مقتولین  کی کوئی مالی مدد کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس افسوسناک واقعے کی مذمت تک نہیں کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور مقامی انتظامیہ نے بھی اس سلسلے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ  اس سے پہلے بلوچستان کے علاقے قلات میں تین پنجابی مزدوروں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل کو سات ماہ  گزر چکے ہیں ۔ بار بار خط لکھ کر یاد دہانی کروانے کے باوجود بلوچستان حکومت نے  بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کی اور نا ہی مقتولین اور زخمیوں کے ورثاکو مالی مدد دی گئی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ چند دن پہلے ساہیوال کی رہائشی  بیوہ خاتون عارفہ کی بیٹی آصفہ جس کی شادی ڈیرہ مراد جمالی میں ہوئی تھی اس کے شوہر  نے اسے بیہمانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا تھااس کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان حکومت سندھ اور بلوچستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہاں رہنے والے اور پنجاب سے مزدوری کے لیے جانے والوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،  اس واقعے کی حکومتی سطح پر مذمت کی جائے مقتولین کے ورثاء کی مالی مدد کی جائے اور سندھ حکومت کے نمائندہ وزرا مقتولین کے ورثا سے ان کے گھر آ کر تعزیت کریں۔ اگر یہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو باقاعدہ احتجاج کیا جائے گا۔

 اس موقع پر مقامی کونسلر ابراہیم کمبوہ اور مقتولین کے ورثا بھی موجود تھے جنہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف دیا جائے اور مقتولین کے بچوں کی داد رسی کی جائے۔