افغانستان کی صورتحال، مذہبی جماعتوں کامشاورتی اجلاس 18اکتوبر کو لاہور میں ہو گا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان کی صورتحال پر مذہبی جماعتوں کامشاورتی اجلاس 18اکتوبر کو لاہور میں ہو گا۔ افغانستان کو استعماری قوتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا درست نہیں،پاکستان کی مذہبی قیادت کو سنجیدہ کردار ادا کرناہوگا، ان خیالات کا اظہار صدر متحدہ علماء کونسل پاکستان مولانا عبدالرؤف ملک نے اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حافظ محمد سلیم کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مختلف مکاتبِ فکر کے رہنماؤں اور طبقات کے سرکردہ حضرات سے رابطہ کرکے انہیں اجلاس کی دعوت دے گی ۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال سے متعلق تمام مذہبی جماعتیں متفقہ لائحہ عمل طے کریں گی ۔
علاوہ ازیں صدر متحدہ علماء کونسل نے پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی سے ملاقات کرکے اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔مولانا زاہد الراشدی نےاجلاس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔