حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے، ایرانی جنرل کی اسرائیل کو جوابی دھمکی
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن )ایران نے اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ کی دھمکی کے جواب میں جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں، اگر اسرائیل نے حملہ کیا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ تہران پر حملہ مہلک، متناسب اور حیران کن ہو گا۔
یواف گیلانٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملے جارحانہ تھے لیکن نشانہ درست نہ ہونے سے ناکام ہوئے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی کے جواب میں ایران کے جنرل مرتضیٰ نے بھی جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں، اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کیلئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے، ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اندر جو اہداف چاہے انہیں نشانہ بنایا، ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ملک ناکام رہے۔
یاد رہے کہ ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے اسرائیل پر 190 میزائل داغے تھے جس میں اسرائیل کی تین ائر بیسز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایران کی القدس فورس نے اسرائیل پر حملے میں 90 فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ کر دیے تھے، کچھ میزائل اسرائیل کی حدود میں گرے۔