5 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کر رہے ہیں، عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا فائدہ ہوگا: وزیراعظم

Oct 10, 2024 | 02:25 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پہلے مرحلے میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کر رہے ہیں جس سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کابینہ نے ٹاسک فورس کی سفارش پر5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کی منظوری دی ہے، معاہدے ختم کرنے سے بجلی صارفین کو60 ارب روپے سالانہ کا فائدہ ہو گا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا 5 آئی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت اور ان آئی پی پیز کو واجب الادا رقم پر سود نہیں دیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اعلامیے کے مطابق جن آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی چارجز کے معاہدے ختم کیے گئے ہیں ان میں HUBCO, LALPIR, Saba Power, Rousch Power اور Atlas Power شامل ہیں، آئی پی پیز میں سے Rousch Power بلڈ اون آپریٹ اینڈ ٹرانسفر معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا، معاہدے کی رو سے اس کی ملکیت حکومت کو منتقل کرنے کے بعد اس کی پرائیوٹائزیشن کمیشن کے ذریعے نجکاری کی جائے گی، باقی ماندہ 4 آئی پی پیز کی ملکیت ان کے مالکان کے پاس رہے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا حکومتی معاہدے کو ختم کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے کسی قسم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی جبکہ دیگر آئی پی پیز سے معاہدوں پر بتدریج نظر ثانی کر کے بجلی ٹیرف کم کریں گے۔

مزیدخبریں